رجنی کانت کا میڈیا سے سچائی دکھانے کا مطالبہ

   

چینائی ۔ 15 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سوپر اسٹار رجنی کانت نے آج صحافتی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ملک کے مفاد میں سچائی کو عوام کے سامنے لانے میں اپنی تمام تر توانائی صرف کریں۔ ٹامل میگزین تغلق کی جانب سے منعقدہ ایک پروگرام میں انہوں نے میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ صحافت کو ملک کے مفادات کے لئے استعمال کرنے میں اپنی توانائیاں صرف کریں۔ 69 سالہ معروف اداکار جو یہاں ایک دہے سے شائع ہونے والی میگزین کی جانب سے منعقدہ ایونٹ میں شرکت کی تھی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالات سیاست اور سماج برے دور سے گزر رہے ہیں اور ان حالات میں صحافت کا اہم اور کلیدی کردار ہے اور وہ عوام کو سچائی سے واقف کروانے کے علاوہ ملک کے مفاد میں اپنی توانائیاں صرف کر یں ۔ چند ٹی وی چیانلس جو کہ سیاسی لیڈروں اور سیاسی جماعتوں کے حق میں خبریں نشر کرتے ہیں، ان پر تنقید کی جاتی ہے ۔ لہذا رجنی کانت نے مطالبہ کیا ہے کہ میڈیا سے تعلق رکھنے والے نمائندے اور نقاد سچائی اور ایسی خبروں کو منظر عام پر لائیں جوکہ عوام اور ملک کے مفاد میں ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سچی اور فرضی خبروں کی اشاعت کے وقت وہ دودھ کا دودھ پانی کا پانی کریں کیونکہ چند صحافتی ادارے سچائی اور جھوٹ کو اس طرح ملاکر پیش کرتے ہیں جس سے سماج کو نقصان ہورہا ہے۔ انہوں نے میڈیا نمائندوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عوام کو واقف کروائیں کہ خبر میں کیا دودھ ہے اور کیا پانی ہے ۔ رجنی کانت کے متعلق یہ امید کی جارہی ہے کہ وہ آئندہ برس منعقد شدنی ریاستی اسمبلی انتخابات میں سیاست میں داخل ہوسکتے ہیں۔ تغلق میگزین کے بانی راما سوامی جو کہ 2016 ء میں 82 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ، ان کے متعلق رجنی کانت نے کہا کہ وہ ایک فنکار وکیل اور کئی خوبیوں کے مالک انسان تھے ۔