تین ہزار سے زائد افراد کا استفادہ، ادویات کی مفت تقسیم، سمیر ولی اللہ اور سید نظام الدین کی شرکت
حیدرآباد 29 ستمبر (سیاست نیوز) سٹی کانگریس کمیٹی مایناریٹی ڈپارٹمنٹ کے زیراہتمام منعقدہ فری ہیلت کیمپ سے 3 ہزار سے زائد غریب افراد نے استفادہ کیا۔ صدر سٹی کانگریس مایناریٹی ڈپارٹمنٹ سمیر ولی اللہ اور پردیش کانگریس کے ترجمان سید نظام الدین نے ہیلتھیر ہارٹس فاؤنڈیشن کے اشتراک سے پہلے مرحلہ میں 3 ہیلت کیمپس کا اہتمام کیا گیا۔ اس سلسلہ کا تیسرا کیمپ آج رسول پورہ میں منعقد ہوا جس میں ایک ہزار سے زاید افراد نے طبی معائنے اور مفت ادویات حاصل کیں۔ ماہر ڈاکٹرس نے ادویات تجویز کیں۔ شہر میں وبائی امراض میں اضافہ کے پیش نظر مفت ہیلت کیمپس منعقد کئے جارہے ہیں۔ رسول پورہ بیگم پیٹ سے قبل گولکنڈہ اور فرسٹ لانسر میں کیمپ منعقد کیا گیا تھا۔ سمیر ولی اللہ نے بتایا کہ سلم علاقوں میں ہیلت کیمپس کے انعقاد کا منصوبہ ہے تاریخوں کا متعاقب اعلان کیا جائے گا۔ سرکاری دواخانوں میں طبی سہولتوں کی کمی کے باعث اقلیتی ڈپارٹمنٹ کی مساعی سے غریبوں کو کافی فائدہ ہوا اور غریب خاندانوں نے مفت معائنے اور مفت ادویات کی سربراہی کی ستائش کی۔ صدرنشین اقلیتی ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل، ساجد شریف اور دیگر قائدین نے کیمپ کا معائنہ کیا۔ سید نظام الدین نے کہاکہ ہیلت کیمپ میں بڑی تعداد میں عوام کی شرکت سرکاری دواخانوں میں طبی سہولتوں سے محرومی کا ثبوت ہے۔ انھوں نے کہاکہ کئی علاقوں میں پرائمری ہیلت سنٹرس اور بستی دواخانے نہیں ہیں۔ نظام الدین نے وزیر صحت سے سلم علاقوں کا دورہ کرنے کا مطالبہ کیا۔ سمیر ولی اللہ نے ہیلتھیر ہارٹس فاؤنڈیشن کے ڈاکٹرس، پیرا میڈیکل اسٹاف اور کانگریس کارکنوں سے اظہار تشکر کیا جن کی مساعی سے تینوں کیمپس کامیاب رہے۔