نئی دہلی ۔ انگلینڈ کے سابق آف اسپنر گرائم سوان ہندوستان کے ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں میں وکٹ کیپر رشبھ پنت سے بہت متاثر ہیں۔سوان نے اسٹار اسپورٹس شو کرکٹ کنکٹڈ میں ہندوستان کے نوجوان کھلاڑیوں کے بارے میں کہا کہ جب آپ ہندوستان کے نوجوان کھلاڑیوں کے بارے میں بات کرتے ہیں تو وہ کھلاڑی جس نے مجھے سب سے زیادہ متاثر کیا وہ رشبھ پنت ہیں۔ وہ جس طرح سے بغیر کسی خوف کے کھیلتے ہیں اس سے میں بہت متاثر ہوں۔ ہندستان کے سابق آل راؤنڈر عرفان پٹھان نے پنت کے لئے ٹھیک کہا ہے کہ انہیں ٹیم کی مکمل حمایت حاصل ہے ۔سابق آف اسپنر نے کہا کہ جب ہندوستانی ٹیم ٹسٹ سیریز کھیلنے انگلینڈ آئی تھی تو پنت نے ٹرینٹ برج میں پہلی یا دوسری گیند پر اسپن بولر کے سر پر سیدھے چھکا مارا تھا۔ اسی کے ساتھ میں نے محسوس کیا کہ اس کھلاڑی کے پاس ٹسٹ کرکٹ کے لئے کچھ خاص ہے ۔ وہ ایک نوجوان کھلاڑی ہے لیکن وہ اپنے کھیل سے سرشار ہے ۔