99 ویں دوبدو ملاقات پروگرام کا انعقاد، والدین اور سرپرستوں کی کثیر تعداد کی شرکت، 100 ویں پروگرام کیلئے ایڈیٹر جناب زاہد علی خاں کو مبارکباد
حیدرآباد 4 اگسٹ (سیاست نیوز) سیاست اور ملت فنڈ کے زیراہتمام مسلم لڑکوں اور لڑکیوں کے رشتوں کے انتخاب کے لئے 99 واں دو بہ دو ملاقات پروگرام آج ماڈرن فنکشن پلازہ نزد شان ٹاکیز، خیریت آباد میں حسب سابق کی طرح انجام پایا جس میں والدین اور سرپرستوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اس دو بہ دو پروگرام میں موسم کے کے باوجود والدین نے بائیو ڈاٹاس اور فوٹوز کے ساتھ لڑکوں اور لڑکیوں کے رجسٹریشن کروائے اور وہیں آن لائن رجسٹریشن کے ذریعہ بھی من پسند رشتوں کے انتخاب کرنے کی پہل کی ہے۔ جن والدین نے اس دو بہ دو ملاقات پروگرام میں شرکت کی جن میں دونوں شہروں کے مضافاتی علاقوں کے علاوہ اضلاع کریم نگر، نظام آباد، محبوب نگر، منچریال اور ورنگل سے شرکت کی اور ان والدین نے جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست اور جناب ظہیرالدین علی خاں منیجنگ ایڈیٹر سیاست اور جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست اور اسٹاف کو پیشگی طور پر دو بہ دو پروگرام 100 ویں پروگرام میںداخل ہورہا ہے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہاکہ ایسے لڑکے و لڑکیوں کے والدین جو اپنے رشتوں کے لئے پریشان تھے انتظامیہ نے دونوں شہروں اور اضلاع میں منعقد کرکے والدین کی بے چینی کو دور کیا ہے۔ اور اُمید اس بات کی، کی جارہی ہے کہ 100 ویں پروگرام کے بعد اپنے اس مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے والدین کی مدد و تعاون کرنے میں آگے آئیں گے۔ دو بہ دو پروگرام سے قبل حسب سابق کی طرح والدین کے شعور کو بیدار کرنے کے لئے پروگرام منعقد ہوا۔ ڈاکٹر شیخ سیادت علی اسوسی ایٹ پروفیسر نے پروگرام کی کارکردگی پر روشنی ڈالی اور انتظامیہ کو ہونے والے 100 ویں دو بہ دو پروگرام پر مبارکباد دی۔ قاری الیاس باشاہ نے کہاکہ سیاست اور ملت فنڈ کی جانب سے رشتوں کے ضمن میں جو سعی و جہد کی گئی اللہ تعالیٰ کی مدد شامل حال رہے گی۔ شہ نشین پر میر انورالدین، محمد احمد، صالح بن عبداللہ، جناب محمد شمیم پروپرائٹر ماڈرن فنکشن ہال اور دوسرے موجود تھے۔ پروگرام کا آغاز ڈاکٹر شیخ سیادت علی کی قرأت کلام پاک سے ہوا۔ پروگرام کا آغاز 11 بجے سے ہوا اور 4 بجے شام اختتام کو پہنچا۔ آج کے اس دو بہ دو پروگرام میں انجینئرنگ کاؤنٹر پر میر انورالدین، محمد احمد، محمدی، ناظم علی، مسکین، میڈیسن کاؤنٹر ڈاکٹر دردانہ، ڈاکٹر سیادت علی، پوسٹ گریجویشن کاؤنٹر پر ڈاکٹر ناظم علی، الیاس باشاہ، تسکین، گریجویشن کاؤنٹر پر رئیسہ، صالح بن عبداللہ، اس کے علاوہ ایس ایس سی، عالم و فاضل و انٹرمیڈیٹ کے کاؤنٹرس پر والدین کی کثیر تعداد دیکھی گئی۔ دو بہ دو پروگرام میں عقدثانی کاؤنٹر، تاخیر سے ہونے والی شادی، سیاست میٹری ڈاٹ کام کاؤنٹر پر شمیم بیگم اور خدیجہ سلطانہ، محمد احمد اور دوسروں نے اپنے فرائض انجام دیئے اور والدین سے بات چیت کرتے ہوئے ان کے لئے رشتوں کے جوڑنے میں مدد کی۔ اس کے علاوہ شاہانہ، شبانہ، آمنہ، تسکین اور خدیجہ بیگم ، لطیف النساء نے کاؤنٹرس پر والدین کی رہبری و رہنمائی اور رشتوں کے سلسلہ میں مدد کی۔ اس کے علاوہ دو بہ دو پروگرام کو ملکی اور عالمی سطح تک راست ٹیلی کاسٹ کرنے کے لئے یو ٹیوب، فیس بُک اور سیاست ٹی وی کے ذریعہ نشر کی سہولت مہیا کی گئی تاکہ تارکین وطن جو امریکہ، کینیڈا، آسٹریلیا، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات، ابوظہبی، قطر، شارجہ، یوروپی ممالک میں مقیم ہیں وہ دیکھ سکیں۔ ان ممالک میں مقیم حیدرآبادیوں اور تلنگانہ کے مسلم فیملیز نے اپنے تاثرات میں جناب زاہد علی خان اور جناب ظہیرالدین علی خان اور جناب عامر علی خان سے اظہار تشکر کیا ہے جن کی انتھک جدوجہد اور محنت کے نتیجہ میں آج اس پروگرام کو ہم اپنے اپنے مقامات پر بیٹھے بہ آسانی طور پر دیکھ پارہے ہیں۔ آج کے پروگرام میں لڑکوں کے 61 اور لڑکیوں کے 105 بائیو ڈاٹاس رجسٹریشن کروائے گئے۔ اور اس کے علاوہ والدین نے بائیو ڈاٹاس کا آن لائن رجسٹریشن بھی کروایا۔ ڈاکٹر ایوب حیدری، جناب محمد نصراللہ خان، جناب خالد محی الدین اسد اور فرزانہ نے سوپروائزنگ اسٹاف کے فرائض انجام دیئے۔ جناب فہیم انصاری اور اسٹاف نے اس پروگرام کو عالمی سطح تک پہنچانے کے لئے معاونت کی جبکہ جناب نظام الدین لئیق نے فوٹو گرافی کی۔ 4 بجے شام پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔
