رشمیکا مندنا کو بہترین اداکارہ کا ایوارڈ

   

حیدرآباد،8 مارچ (آئی اے این ایس) پین انڈیا اداکارہ رشمیکا مندانا اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی کے بہترین دور سے گزرتی دکھائی دے رہی ہیں۔ جب تلنگانہ حکومت نے غدر تلنگانہ فلم ایوارڈز 2025 کا اعلان کیا تو رشمیکا کو فلم دی گرل فرینڈ میں شاندار اداکاری پر بہترین اداکارہ کے اعزاز کے لیے منتخب کیا گیا۔ اس تازہ اعزاز پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے رشمیکا نے بتایا کہ فلم میں ان کا کردار بھوما دیوی ان کے دل کے بہت قریب ہے۔ اپنے ہدایت کار راہول رویندرن، پروڈکشن ادارے اور فلم کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہوں نے اپنے ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر لکھا کہ وہ اس اعزاز پر بے حد شکر گزار اور خوش ہیں۔ انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا کہ غدر تلنگانہ فلم ایوارڈز 2025 میں فلم ’’دی گرل فرینڈ‘‘ کے لیے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ ملنے پر وہ بہت خوش اور ممنون ہیں، اور بھوما دیوی کا کردار ان کے دل کے بے حد قریب ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ہمیشہ اپنے ہدایت کار راہول رویندرن، گیتھا آرٹس، دھیرج موگیلینینی، ودیا اکّا اور فلم کی پوری ٹیم کی شکر گزار رہیں گی۔ بالی ووڈ فلم اینمل کی اداکارہ نے تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ تلنگانہ حکومت کی بھی ممنون ہیں اور چیف منسٹر ریونت ریڈی، نائب وزیر اعلیٰ بھٹی وکرامارکا مالو اور وزیرِ سینماٹوگرافی کوماتی ریڈی وینکٹ ریڈی کا شکریہ ادا کرتی ہیں کیونکہ یہ اعزاز ان کے لیے بہت معنی رکھتا ہے۔ فلم ’’دی گرل فرینڈ‘‘ کو ودیا کوپینیڈی اور دھیرج موگیلینینی نے دھیرج موگیلینینی انٹرٹینمنٹ اورگیتا آرٹس کے بینر تلے پیش کیا ہے۔ فلم کی کہانی بھوما دیوی نامی ایک پوسٹ گریجویٹ طالبہ کے گرد گھومتی ہے جو اپنے کالج کے ایک طالب علم وکرم سے محبت کر بیٹھتی ہے، جس کا کردار دکشت شیٹی نے ادا کیا ہے۔ ابتدا میں ان کا رشتہ خوشگوار اور امید افزا دکھائی دیتا ہے، لیکن وقت گزرنے کے ساتھ وکرم بھوما دیوی کو جذباتی طور پر قابو میں رکھنے اور اس پر اثر انداز ہونے لگتا ہے۔