رشین فیڈریشن کے ٹومسک ریجن کے بزنس وفد کی گورنر سے ملاقات

   

حیدرآباد ۔ 13 ۔ مارچ : ( این ایس ایس ) : رشین فیڈریشن کے ٹومسک ریجن کے چھوٹے اور متوسط انٹرپرائزس کے ایک بزنس وفد نے انڈر ، انٹونو ، ڈپٹی گورنر ٹومسک ریجن کی قیادت میں آج راج بھون حیدرآباد میں گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے ملاقات کی ۔ اس وفد سے مخاطب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ ہندوستان نے پہلے کے یو ایس ایس آر اور موجودہ رشین فیڈریشن دونوں کے ساتھ عوام سے عوام اور علاقہ سے علاقہ کی اساس پر اچھے تعلقات رکھے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی روس کے ساتھ دوستی کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ان دو ملکوں کے درمیان تعلقات قدم بہ قدم استوار ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ان دو ممالک کے درمیان تعاون اور تبادلہ ، کھلونوں سے لے کر اٹامک انرجی شعبہ تک کا احاطہ کرتا ہے اور کہا کہ انہیں یہ معلوم ہوکر خوشی ہوئی کہ دورہ کنندہ اس بزنس وفد نے حکومت تلنگانہ کے ساتھ طب کے شعبہ میں ایک یادداشت مفاہمت پر دستخط کیے ہیں ۔ گورنر نے کہا کہ رشین فیڈریشن کے Tomsk ریجن میں بہترین تعلیمی ادارے اور یونیورسٹیز ہیں اور ٹومسک ریجن اور حکومت تلنگانہ دونوں تعلیمی شعبہ میں تعاون کرسکتے ہیں اور یہ دونوں ریجنس اچھے بزنس اور معاشی تعلقات کو فروغ دے سکتے ہیں ۔ انڈرے انٹونو نے گورنر کو بتایا کہ وہ مینوفکچرنگ ، تعمیرات ، تعلیم ، توانائی اور صحت کے شعبہ میں ہندوستان کے ساتھ تعاون و اشتراک کرسکتے ہیں اور وہ دیگر کئی شعبوں میں بھی تعاون کے لیے تیار ہیں ۔ انہوں نے ہندوستانی طلبہ میڈیسن کی تعلیم کیلئے ٹومسک آرہے ہیں اور امید ظاہر کی کہ دو ریجنس کے درمیان تعاون و اشتراک سے خوشحالی آئے گی ۔۔