کریم نگر۔ جشن 75 یوم آزادی کے ضمن بروز چہارشنبہ سرکاری دواخانے میں سیو دی لائیف فاؤنڈیشن اور ریڈ کراس سوسائٹی کے زیر قیادت منعقدہ خون عطیہ کیمپ کا ضلع پریشد صدر نشین نے ضلع کلکٹر کریم نگر آر وی کرنن ، پولیس کمشنر ستیانارائنا کے ہمراہ افتتاح انجام دیا۔ اس موقع پر زیڈ پی چئیرمین کے. وجیانے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جشن پچیتھرویں یوم آزادی کے پیش نظر 8 اگسٹ سے 22 اگسٹ تک متعدد تقاریب کے انعقاد کیلئے تیار کردہ لائحہ عمل کو روبہ عمل لاتے ہوئے ہر دن ایک خصوصی پروگرام کا مؤثر و بڑے پیمانے پر انعقاد کیا جارہاہے ۔ اسی ضمن آج ضلع سرکاری ہاسپٹل میں خون عطیہ کیمپ کا انعقاد کیا جارہاہے۔ انہوں نے ہر صحت مند شخص سے رضاکارانہ طور پر خون کے عطیہ کی اپیل کی۔ اس پروگرام میں ضلع کلکٹر آر. وی. کرنن، پولس کمشنر وی ستیا نارائنا، ضلع عہدیدار برائے صحت و طبابت ڈاکٹر جویریا ، ضلع سرکاری دواخانے کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر رتنا مالا، آر ایم او ڈاکٹر جیوتی، میونسپل ڈپٹی کمشنر تریمبوکیشور راؤ، ڈاکٹروں اور دیگر نے شرکت کی۔