حیدرآباد۔یکم؍ مارچ، ( سیاست نیوز) چیف سکریٹری شانتی کماری نے محکمہ زراعت کی کارکردگی پر جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ سکریٹری زراعت رگھونندن راؤ، کمشنر ہنمنت راؤ کے علاوہ مارکیٹنگ، کوآپریٹیو اور دیگر اداروں کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ چیف سکریٹری شانتی کماری نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد زرعی شعبہ کی ترقی اور کسانوں کی بھلائی کیلئے کئی اسکیمات شروع کی گئی ہیں۔ رعیتو بندھو، رعیتو بیمہ اسکیمات کے علاوہ 24 گھنٹے مفت برقی کی سربراہی پر عمل کیا جارہا ہے جس کے نتیجہ میں زراعت منافع بخش بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی موثر سربراہی کے نتیجہ میں مختلف فصلوں کی کاشت میں اضافہ ہوا ہے۔ ریاست میں 65 لاکھ سے زائد کسانوں کو رعیتو بندھو کے تحت 65191 کروڑ تقسیم کئے گئے۔ رعیتو بیمہ کے تحت 97913 فوت ہونے والے کسانوں کے خاندانوں کو 4896 کروڑ کی اجرائی عمل میں آئی۔ انہوں نے کہا کہ نقلی کھاد اور بیجوں کی سربراہی کو روکنے کیلئے سخت اقدامات کئے جارہے ہیں۔ تاحال 551 افراد کو گرفتار کرکے 347 مقدمات درج کئے گئے۔ 16 افراد کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کیا گیا اور 11872 کنٹل نقلی کھاد ضبط کی گئی۔ انہوں نے زراعت سے متعلق تمام محکمہ جات کو حکومت کی اسکیمات کے بارے میں شعور بیداری اور موثر عمل آوری یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ر