ہر منڈل میں آج جشن ، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا کا انکشاف
حیدرآباد ۔ 23۔ جون (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ ریاست میں رعیتو بھروسہ اسکیم کے تحت امدادی رقم راست طور پر کسانوں کے بینک اکاؤنٹ میں جمع کی جارہی ہے۔ گاندھی بھون میں صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ کی صدارت میں منعقدہ جئے بھیم، جئے باپو اور جئے سمویدھان مہم کے کوآرڈینیٹرس کا اجلاس منعقد ہوا۔ اے آئی سی سی انچارج میناکشی نٹراجن نے اجلاس میں شرکت کی ۔ بھٹی وکرمارکا نے اجلاس کو بتایا کہ حکومت نے 9 دن میں رعیتوں بھروسہ کی امدادی رقم جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تاحال ایک کروڑ 49 لاکھ 39 ہزار 111 ایکڑ اراضی کیلئے رعیتو بھروسہ رقم جاری کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع میں اسکیم پر موثر عمل آوری جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 16 جون سے کسانوں کے بینک اکاؤنٹ میں رقم جمع کرنے کا آغاز ہوچکا ہے اور کل 24 جون کو یہ مرحلہ مکمل ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ منگل کو ہر منڈل ہیڈکوارٹرس میں رعیتو بھروسہ جشن کا اہتمام کیا جائے گا۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ تلنگانہ کی کانگریس حکومت نے کسانوں سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کا ریکارڈ قائم کیا ہے ۔ 9 دن میں 9 ہزار کروڑ کی رقم کسانوں کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کردی جائیں گی ۔ بھٹی وکرمارکا نے پارٹی قائدین اور عوامی نمائندوں سے اپیل کی کہ وہ رعیتو بھروسہ جشن پروگراموں میں حصہ لیں۔1