رعیتو بیمہ اور رعیتو بندھو اسکیمات سے کسانوں میں نیا جوش

   

نارائن پیٹ میں تلنگانہ یوم تاسیس تقاریب کا آغاز، شریمتی سنیتا لکشما ریڈی کا خطاب

نارائن پیٹ ۔ 2 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ ریاستی خواتین کمیشن کی صدر نشین شریمتی سنیتا لکشما ریڈی نے آج ضلع کلکٹریٹ آفس نارائن پیٹ کے وسیع سبز زار پر یوم تاسیس تلنگانہ تقریبات کا آغاز کرتے ہوئے قومی پرچم ترنگا لہرایا۔ اس موقع پر انہوں نے ضلع کے ترقیاتی و فلاحی پروگراموں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ زراعت میں رعیتو بیمہ، رعیتو بندھو اسکیمات سے کسانوں میں نیا جوش و جذبہ پیدا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ باغبانی کے ذریعہ پام آئیل فارم پلانٹیشن، مائیکرو اریگیشن اسکیم شروع کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشن کاکتیہ کے ساتھ پانی کی نکاسی کے محکمے کے ذریعہ تالابوں کو تیار کیا گیا۔ محکمہ برقی کسانوں کو 24 گھنٹے بلا تعطل برقی فراہم کررہا ہے۔ اس کے علاوہ صنعتوں کو بھی برقی کی سربراہی عمل میں لائی جارہی ہے۔ مشن بھگیرتا کے ذریعہ ہر گھر میں پانی پہنچایا جارہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ محکمہ حیوانات، ماہی پروری، محکمہ دیہی ترقیات، محکمہ قبائلی بہبود، محکمہ ایس سی ڈیولپمنٹ، محکمہ خواتین و اطفال، محکمہ شہری ترقیات اور محکمہ صحت کے ذریعہ بہت سارے ترقیاتی پروگرام منعقد کئے جارہے ہیں۔ آنکھوں کی روشنی پروگرام کے تحت ہزاروں عوام کے آنکھوں کا مفت معائنہ و عینکوں کی سربراہی عمل میں لائی جارہی ہے۔ محکمہ پنچایت، میونسپل کارپوریشن، سڑکوں اور عمارتوں کی تعمیر، محکمہ محصولات، محکمہ مارکٹنگ، محمد صنعت، محکمہ دستکاری کے ذریعہ شروع کئے گئے پروگراموں کا تذکرہ کیا۔ اس موقع پر ضلع پریشد چیرمین شریمی وناجا، ضلع کلکٹر کویا سری ہرشا، ایڈیشنل کلکٹر مہانک متل، ایم ایل اے نارائن پیٹ ایس راجندر ریڈی، ایم ایل اے مکتھل رام موہن راؤ، مارکٹ چیرمین شریمتی جیوتی و دیگر نے شرکت کی۔