غزہ : غزہ پٹی اور مصر کے درمیان رفح بارڈر کراسنگ کے قریبی علاقے کو پیر کو اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ کے دسویں دن ایک نئے حملہ کا نشانہ بنایا گیا۔ 7 اکتوبر سے اس علاقے پر تین مرتبہ حملہ کیا گیا ہے۔رفح کراسنگ پر سینکڑوں فلسطینیوں کا ہجوم جمع ہے۔ یہ افراد رفح کراسنگ عبور کرنے کی اجازت کے منتظر ہیں۔دریں اثنا سی این این کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے ایندھن کے 6 ٹرک رفح کراسنگ سے غزہ میں داخل ہوئے ہیں۔ اسرائیل کو رفح کراسنگ سے تمام امدادی ٹرکوں کے داخلے پر تحفظات ہیں اور اس نے ان کی تعداد میں کمی کی درخواست کی ہے۔مختلف قومیتوں کے سینکڑوں غیر ملکی شہریوں کے ساتھ ساتھ دوہری شہریت والے فلسطینی بھی پیر کی صبح سے ہی رفح کراسنگ کے دروازے کے سامنے جمع تھے۔وائٹ ہاؤس کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ وائٹ ہاؤس کے حکام کو امید ہے کہ غزہ کی پٹی اور مصر کے درمیان رفح کراسنگ کو پیر کو چند گھنٹوں کے بعد کھول دیا جائے گا ۔