ناگپور 19 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پولیس نے مہاراشٹرا میں بھنڈارا ضلع کے انچارچ وزیر بی جے پی کے پرینئے فوکے کے ایک رشتہ دار کے قبضہ سے 18 لاکھ روپئے ضبط کرلئے ہیں فوکے سکولی حلقہ سے انتخاب لڑ رہے ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ وزیر کے رشتہ دار اور دوسرے چار افراد کے خلاف سکولی میں رائے دہندوں میں رقومات تقسیم کرنے پر ایک مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ آئی جی پی ناگپور رینج ملکارجنا پرسنا نے توثیق کی کہ 17,74,600 روپئے وزیر کے رشتہ دار سے ضبط کئے گئے ہیں۔ اس رشتہ دار کی نتن نیل کنٹھ راو کی حیثیت سے شناخت ہوئی ہے ۔ ایک اور پولیس عہدیدار نے کہا کہ سابق رکن پارلیمنٹ نانا پتولے سکولی حلقہ سے کانگریس امیدوار کے طور پر مقابلہ کر رہے ہیں اور انہوں نے الزام عائد کیا کہ فوکے کے حامی رائے دہندوں میں جمعہ کی رات رقومات تقسیم کرنے نکلے تھے ۔ شکایت کے بموجب بی جے پی کے حامی کار میں آئے اور انہوں نے لفافوں میں رائے دہندوں میں رقومات تقسیم کیں۔ کانگریس حامیوں کے اعتراض پر بی جے پی ورکرس نے مبینہ طور پر ان پر حملہ کیا اور بعض کارکنوں کو دواخانہ میں شریک کیا گیا ہے ۔ پولیس کو اطلاع ملنے پر پولیس عملہ اور الیکشن کمیشن کا عملہ وہاں پہونچا اور صورتحال پر قابو کیا گیا ۔ پولیس نے بعد ازاں سرخ رنگ کے 110 لفافے ضبط کئے جن میں 10 لاکھ 50 ہزار سے زیادہ کی رقم موجود تھے ۔ اس کے علاوہ 106 سفید لفافے بھی ضبط کئے گئے جن میں 7 لاکھ 24 ہزار سے زیادہ کی رقم موجود تھی ۔ یہ رقومات اس گاڑی سے ضبط کی گئیں جس میں وزیر کے رشتہ دار بیٹھے ہوئے تھے ۔ بعد ازاں کانگریس اور بی جے پی دونوں کے گروپس نے ایک دوسرے کے خلاف شکایات درج کروائیں۔ تیرتھا نند پتولے کی شکایت پر پولیس نے بی جے پی وزیر کے رشتہ دار اور چار دوسرے حامیوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے ۔