جامع مسجد ناگرکرنول میں مولانا محسن پاشاہ قادری اور دیگر علماء کا خطاب
ناگرکرنول۔22 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مولانا محمد محسن پاشاہ انصاری قادری نقشبندی مجددی جنرل سیکریٹری کل ہند سنی علماء مشائخ بورڈ محبوب نگر نے جامع مسجد ناگر کرنول میں منعقدہ ایک روح پرور اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ماہِ صیام المبارک کی عظمت و فضیلت ، اہمیت ، نزولِ قرآن حکیم اور روزہ کی روحانی و اخلاقی برکات کو قرآنِ مجید اور احادیثِ نبوی ؐکی روشنی میں مدلل انداز میں بیان کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک اللہ تعالیٰ کی خصوصی رحمتوں، برکتوں ، مغفرتوں اور جہنم سے نجات کا مہینہ ہے ، جس میں قرآن حکیم کا نزول انسانیت کی ہدایت کے لئے ہوا۔ روزہ محض بھوک اور پیاس کا نام نہیں بلکہ تقویٰ و طہارت ، للہیت ، صبر و اخلاص اور خود احتسابی کی عملی تربیت ہے۔ مولانا نے جدید سائنسی تحقیقات کی روشنی میں روزہ کے طبی فوائد پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ روزہ انسانی جسم کے نظامِ ہاضمہ کو بہتر بناتا ہے ، قوتِ مدافعت میں اضافہ کرتا ہے اور ذہنی سکون کا سبب بنتا ہے تمام بیماریوں کی مدافعت میں اکسیر و شفائے عاجلہ کا موجب ہے ، جو اسلام کی تعلیمات کی آفاقیت کا واضح اور بین ثبوت ہے۔ خاتم النبیین شفیع المذنبین رحمتہ العالمین حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم شعبان المعظم کے اواخر میں جمیع صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کو جمع کرکے ارشاد فرماتے کہ ائے لوگو تم پر ایک ایسا مہینہ سایہ فگن ہونے والا ہے جس کا پہلا دہا رحمت دوسرا مغفرت اور تیسرا دہا دوزخ سے نجات کا ہے ، تیسرا دہا کے پانچ راتوں میں ایک ایسی طاق رآت ہے جس کی عبادت کا اجر وثواب ہزار مہینوں سے افضل ہے الحمد للہ تقریبا ًجس کے 84 برس ہوتے ہیں انہوں نے یہ بھی کہاکہ اسی شب کو شب قدر کہاجاتا ہے جس میں فرشتے اَن گنت تعداد میں نازل ہوکر بندگان خدا کے نامہء اعمال اللہ جل مجدہ کے حضور لے جاکر پیش کرتے ہیں ۔اس موقع پر مولانا قاضی الحاج محمد عبدالحق نقشبندی صدر قاضی ضلع ناگر کرنول ، حضرت محمد ابراہیم نقشبندی جانشین حضرت محمد عبدالجلیل نقشبندی ، حضرت محمد صادق پاشاہ نقشبندی سجادہ نشین حضرت مولانا صاحب نقشبندی ، اور مولانا ابوالحسنات نقشبندی سمیت دیگر معززین اور سینکڑوں مسلمانوں نے شرکت کی۔اجلاس کے اختتام پر امتِ مسلمہ کی سلامتی ، ملک میں امن و امان اور عالمِ اسلام کی فلاح و بہبود کے لئے مولانا الحاج محمد عبدالحق نقشبندی نے خصوصی دعا کی۔ جبکہ صلوۃ و سلام حضرت شاہ محمد صادق پاشاہ نقشبندی نے بارگاہ رسالت مآب میں صلوۃو سلام پیش کیا۔