رمضان المبارک میں بہتر انتظامات اور سہولیات کا مطالبہ

   

ڈپٹی کمشنر گلبرگہ فوزیہ ترنم اور پولیس کمشنرسے جوائنٹ ایکشن کمیٹی گلبرگہ کی نمائندگی
گلبرگہ /23 فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )جوائینٹ ایکشن کمیٹی گلبرگہ کے عہدیداران کے ایک وفد نے ڈپٹی کمشنر گلبرگہ فوزیہ ترنم سے کل سہ پہر بعد ملاقات کرتے ہوئے انہیں ایک یادداشت پیش کی ۔ یاداشت میں رمضان المبارک کے دوران گلبرگہ شہر میں صفائی ،آبرسانی اور ٹریفک کے انتظامات کو موثر اور بہتر بنانے متعلقہ عہدیداران کو ہدایت دینے کی درخواست کی گئی ہے۔ یادداشت میں ڈپٹی کمشنر گلبرگہ محترمہ فوزیہ ترنم سے کہا گیا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران گلبرگہ شہر میں خریداران کی سہولت کیلئے رات دیر گئے تک ہوٹلوں اور دکانوں کو کھلے رکھنے کی اجازت دینے پولیس کمشنر گلبرگہ کو ہدایت دی جائے ۔رمضان المبارک کے دوران ٹیپو چوک سے انڈسٹریل ایریا تک رنگ روڈ پر ٹریفک کا اثر دھام ہوتا ہے اور حادثات کا خطرہ لگا رہتا ہے کم از کم ماہ رمضان المبارک کے دوران رنگ روڈ گلبرگہ پر سے ہیوی و میکلس کے روٹ کو تبدیل کرنے کا عارضی انتظام کیا جائے ۔رمضان المبارک کے دوران صفائی اور کوڑا کرکٹ کی منتقلی کے روزانہ اقدامات کرنے کمشنر سٹی کارپوریشن کو ہدایت دینے کی درخواست کی گئی ہے۔ رمضان المبارک کے دوران گلبرگہ شہر میں آبرسانی کو با قاعدہ بنانے اور برقی سربراہی میں میں کسی قسم کی کٹوتی یا لا پرواہی نہ کرنے کی محکمہ آبرسانی اور جسکام کے عہدیداران کو ہدایت دینے یادداشت میں ڈپٹی کمشنر سے درخواست کی گئی ہے۔ عبد الجبار گولہ ایڈوکیٹ سنئیر نائب صدر مولانا محمد نوح نائب صدر افضال محمود جنرل سیکریٹری سلیم احمد چیتا پوری ڈاکٹر عبد الباری موظف پروفیسر حیدرعلی با غبان مبین احمد زخم بشیر عالم عابد حسین اور صدام مدراسی وفد میں شامل تھے۔جائینٹ ایکشن کمیٹی گلبرگہ کی جانب سے پولیس کمشنرگلبرگہ کو بھی ایک یادداشت پیش کی گئی۔