رمضان المبارک میں رات دیر گئے تک کاروبار کی اجازت ، بلا وقفہ برقی سربراہی

,

   

مسلم سرکاری ملازمین کو ایک گھنٹہ قبل گھر جانے کی اجازت، مساجد کے اطراف صحت و صفائی، اہم محکمہ جات اور ضلع کلکٹرس کو ہدایات کی اجرائی
حیدرآباد ۔ 22 ۔ فروری(سیاست نیوز) رمضان المبارک میں مختلف سرکاری محکمہ جات کو ضروری انتظامات کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے ہدایات جاری کردی گئی ہے۔ گزشتہ دنوں حیدرآباد کے انچارج وزیر پونم پربھاکر کی جانب سے عوامی نمائندوں اور عہدیداروں کے جائزہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی تفصیلات تمام محکمہ جات کے علاوہ ضلع کلکٹرس کو روانہ کردی گئیں تاکہ رمضان المبارک میں عوام کی سہولت کے لئے موثر انتظامات کئے جائیں۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے ضلع کلکٹرس اور اہم محکمہ جات کے ہیڈ آف دی ڈپارٹمنٹس کو جو نوٹ روانہ کیا ہے ، اس کے مطابق رمضان المبارک کے دوران مساجد کے اطراف صحت و صفائی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔ صبح سحر اور افطار کے موقع پرصفائی کے انتظامات کیلئے زائد اسٹاف کو متعین کیا جائے تاکہ مساجد کے اطراف اور آبادیوں کے درمیان بروقت کچرے کی نکاسی عمل میں آئے۔ مساجد کے اطراف مچھر کش اور کیڑے مار ادویات کا چھڑکاؤ کیا جائے تاکہ مسجد کو آنے والے مصلی بیماریوں کا شکار نہ ہوں۔ حکومت نے رمضان المبارک کے دوران دکانات کو دیر رات تک کھلا رکھنے کی اجازت کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں پولیس کو ضروری اقدامات کی ہدایت دی گئی ہے۔ محکمہ پولیس علاقہ کی ضرورت اور عوام کی سہولت کے مطابق دکانات اور ہوٹلوں کو رات دیر گئے تک کھلا رکھنے کی اجازت دے گی۔ ہر سال کی طرح مسلم سرکاری ملازمین ایک گھنٹہ قبل دفاتر سے گھر روانہ ہوسکیں گے تاکہ افطار سے قبل اپنے گھر پہنچ جائیں۔ مسلم سرکاری ملازمین 4 بجے اپنے دفاتر سے روانہ ہوسکتے ہیں۔ حکومت نے رمضان المبارک کے دوران آوارہ کتوں پر کنٹرول کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت دی ہے۔ عوامی نمائندوں نے شکایت کی تھی کہ حیدرآباد میں کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے اور کئی معصوم بچوں کی کتوں کے حملہ میں جان چلی گئی ۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن میں کتوں کو پکڑنے کیلئے موجود ٹیموں کو متحرک کیا جائے گا۔ مساجد کو جانے والی سڑکوں فی الفور تعمیر و مرمت کی ہدایت دی گئی ہے۔ رمضان المبارک کے دوران برقی کی بلا وقفہ سربراہی اور پانی کی موثر سربراہی کو یقینی بنانے کیلئے محکمہ جات برقی و آبرسانی کو ہدایت دی گئی ہے۔ ایسے علاقے جہاں پانی کی موثر سربراہی کا نظم نہیں ہے وہاں ٹینکرس کے ذریعہ پانی سربراہ کیا جائے گا۔ سحر ، افطار اور تراویح کے موقع پر برقی کی بلا وقفہ سربراہی جاری رکھنے کیلئے پرانے شہر حیدرآباد اور دیگر علاقوں میں موبائیل ٹرانسفارمرس کو تیار رکھا جائے گا۔ ضروری مرمتی کاموں کے سلسلہ میں لوڈ شیڈنگ کی عوام کو پہلے سے اطلاع دی جائے گی ۔ محکمہ برقی سے کہا گیا ہے کہ وہ رمضان المبارک کے دوران لوڈ شیڈنگ سے بچنے کے تمام تر اقدامات کریں۔ انتہائی ناگزیر صورت میں مرمتی اور مینٹننس کے کام انجام دیئے جائیں۔ محکمہ برقی کو اضافی ٹرانسفارمرس اور موبائیل ٹرانسفارمرس کا انتظام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ پولیس کو امن و ضبط کی صورتحال برقرار رکھنے اور ٹریفک پولیس کو ٹریفک جام سے عوام کو بچانے اقدامات کی ہدایت دی گئی ۔ افطار کے وقت پولیس اور ٹریفک پولیس کی تلاشی مہم نہیں رہیگی۔ چھوٹے کاروباریوں اور ٹھیلہ بنڈی رانوں کو کاروبار کیلئے مناسب جگہ فراہم کرتے ہوئے ایک ماہ تک سہولت فراہم کی جائے گی۔ جمعۃ الوداع اور عیدالفطر کے موقع پر عیدگاہوں اور بڑی مساجد کے پاس خصوصی انتظامات کی ہدایت دی گئی ہے اور رمضان کے انتظامات کے سلسلہ میں اہم محکمہ جات پر مبنی کوآرڈینیشن کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل ماہ رمضان کے دوران انتظامات کے سلسلہ میں سرکاری محکمہ جات سے بہتر تال میل کو یقینی بنائیں گے۔ 1