ریاستی وزیر سرینواس یادو کا جائزہ اجلاس ، مساجد کے اطراف صفائی کے خصوصی انتظامات
حیدرآباد۔28۔ مارچ (سیاست نیوز) وزیر انیمل ہسبنڈری سرینواس یادو نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ رمضان مبارک کے دوران برقی کی بلا وقفہ سربراہی کو یقینی بنائیں اور پانی کی موثر سربراہی عمل میں لائی جائے ۔ انہوں نے حلقہ اسمبلی صنعت نگر کے حدود میں واقع مساجد کمیٹیوں کے نمائندوں کی موجودگی میں مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ رمضان کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ سرینواس یادو نے مساجد کے اطراف صحت و صفائی کے موثر انتظامات کی ہدایت دی۔ مساجد کمیٹیوں کے نمائندوں نے سحر اور افطار کے موقع پر برقی کی بلا وقفہ سربراہی کی تجویز پیش کی اور کہا کہ موسم گرما کے آغاز کے سبب برقی کٹوتی کی صورت میں روزہ داروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ حکومت ہر سال عید اور تہوار کے موقع پر مناسب انتظامات کرتی ہے ۔ کورونا کے پیش نظر گزشتہ دو برسوں کے دوران رمضان المبارک میں تراویح کا اہتمام نہیں کیا جاسکا۔ جاریہ سال رمضان المبارک اپریل کے پہلے ہفتہ میں شروع ہورہا ہے ، لہذا تمام محکمہ جات کو ابھی سے تیاریاں مکمل کرنی چاہئے ۔ سرینواس یادو نے کہاکہ سحر اور افطار کے علاوہ دیگر نمازوں کے اوقات میں عوام کی سہولت کیلئے مناسب انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے مساجد کمیٹیوں کی تجاویز پر عمل آوری کی ہدایت دیں۔ ریاستی وزیر نے کہاکہ مساجد کے اطراف صبح اور شام کے اوقات میں کچرے کی نکاسی کا انتظامات کیا جائے۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہاکہ مساجد کا دورہ کرتے ہوئے مقامی طور پر ضرورتوں کا جائزہ لیں۔ انہوں نے مساجد کے اطراف اسٹریٹ لائیٹس کی درستگی کی بھی ہدایت دی۔ر