عبادتوں میں کورونا قواعد کی پابندی کی اپیل، صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کا عہدیداروں کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد : صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے اسٹانڈنگ کونسلس اور دیگر آفیسرس کو ہدایت دی ہے کہ مختلف عدالتوں میں زیردوران وقف مقدمات کی مؤثر پیروی کے ذریعہ اوقافی جائیدادوں اور اراضیات کا تحفظ کریں۔ محمد سلیم نے ہائیکورٹ، وقف ٹریبونل میں بورڈ کے اسٹانڈنگ کونسلس کے علاوہ وقف بورڈ کے لیگل ڈپارٹمنٹ سے تعلق رکھنے والے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں ہائی کورٹ میں زیردوران مقدمات کا جائزہ لیا گیا۔ انھوں نے کہاکہ بیشتر مقدمات میں مؤثر پیروی کی کمی کے سبب اوقافی جائیدادوں کو نقصان کا اندیشہ ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اسٹانڈنگ کونسلس کو چاہئے کہ وہ لیگل آفیسرس کے ساتھ بہتر تال میل کے ذریعہ تمام ضروری دستاویزات عدالت میں پیش کریں۔ محمد سلیم نے کہاکہ مختلف عدالتوں میں 2 ہزار سے زائد مقدمات زیرالتواء ہیں۔ وقف بورڈ اہم مقدمات کے لئے سینئر کونسلس کی خدمات حاصل کررہا ہے۔ اُنھوں نے لاء آفیسرس کو ہدایت دی کہ تمام مقدمات کا جوابی حلفنامہ بروقت داخل کریں اور بعض مقدمات میں عدالتوں کے حکم التواء کی برخاستگی کی مساعی کی جائے۔ صدرنشین وقف بورڈ نے کہاکہ حکومت نے جی او 15 کے ذریعہ وقف جائیدادوں کے رجسٹریشن پر پابندی عائد کردی ہے۔ وقف بورڈ کی جانب سے تمام ضلع کلکٹرس اور رجسٹریشن دفاتر میں وقف ریکارڈ کی نقل پیش کی گئی ہے تاکہ غیر قانونی رجسٹریشن کو روکا جاسکے۔ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے اوقافی جائیدادوں کے تحفظ میں خصوصی دلچسپی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جی او 15 جاری کیا ہے۔ اسٹانڈنگ کونسلس کو جن اہم مقدمات میں مؤثر پیروی کی ہدایت دی گئی اُن میں درگاہ حضرت سیف نواز جنگؒ بالاپور، عاشور خانہ علی سعد مامڑپلی، درگاہ حضرت بابا شرف الدینؒ پہاڑی شریف، مسجد عالمگیر و عیدگاہ گٹلہ بیگم پیٹ اور درگاہ حضرت سالار اولیاء حکیم پیٹ شامل ہیں۔ اجلاس میں وقف بورڈ کے ارکان ڈاکٹر صوفیہ بیگم، وحید احمد، نثار حسین حیدر آقا کے علاوہ اسٹانڈنگ کونسل ابو اکرم، فرحان اعظم خان، آصف امجد اور وقف بورڈ کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ محمد سلیم نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ محکمہ جات برقی، آبرسانی، بلدیہ اور صحت کو رمضان المبارک کے دوران مؤثر انتظامات کی ہدایت دی گئی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ مساجد میں کورونا قواعد پر پابندی کے ساتھ عبادتوں کا اہتمام کیا جائے۔ محمد سلیم نے کہاکہ کے سی آر حکومت مسلم دوست ہے اور رمضان کے دوران بہتر سے بہتر انتظامات کئے جائیں گے۔