رمضان میں مسلم برادران کومشکلات پیش نہ آئیں

   

ناگرکرنول میںمسلم تنظیموں کا جائزہ اجلاس ۔ضلع کلکٹربی سنتوش کی عہدیداروں کوہدایت

ناگرکرنول 28؍جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ماہ رمضان میں مسلم برادری کو کسی بھی قسم کی مشکلات پیش نہ آئیں، اس کے لیے تمام محکمے باہمی تعاون اور ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں۔ یہ ہدایت ضلع کلکٹر بی سنتوش نے عہدیداروں کو دی۔ رمضان انتظامات کے سلسلے میں ضلع کلکٹر ناگرکرنول نے مسلم تنظیموں اور مساجد کمیٹیوں کے نمائندوں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔اس موقع پر ضلع کلکٹر نے کہا کہ مساجد میں بلا تعطل بجلی کی فراہمی، پینے کے صاف پانی کی مناسب سہولت اور صفائی ستھرائی میں کسی قسم کی کوتاہی نہ ہو، اس کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے مساجد کے اطراف ہائی ماسٹ لائٹس اور اسٹریٹ لائٹس کے درست کام کرنے کی نگرانی کرنے کی ہدایت دی۔کلکٹر نے مساجد کے پاس خصوصی صفائی مہم نافذ کرنے، آوارہ کتوں کی پریشانی سے نجات کے لئے مناسب اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ہر مسجد میں او آر ایس کے پیکٹ دستیاب رکھے جائیں۔ نکاسی آب کے مسائل اور آمد و رفت کے راستوں پر موجود گڑھوں کی مرمت فوری طور پر مکمل کی جائے۔انہوں نے عیدگاہوں اور قبرستانوں میں جھاڑیوں اور خود رو پودوں کو ہٹا کر صفائی مہم چلانے، نیز گرام پنچایتوں کے دائرہ اختیار میں آنے والی مساجد کی فہرست تیار کرنے کی ہدایت دی۔ ہر مسجد میں باقاعدگی سے صفائی کے کام انجام دینے پر زور دیا۔ انہوں نے پولیس محکمہ کو 24 گھنٹے دکانوں کے نظم و نسق سے متعلق مناسب رہنما ہدایات جاری کرنے کا حکم دیا۔اجلاس کے دوران کلکٹر نے مساجد کے نمائندوں کے ساتھ مختلف تجاویز اور مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس میں معتمد وقف کامپلکس مینیجنگ کمیٹی ناگرکرنول نے ر مضان المبارک کے ماہ میں میں رات دیر گئے دوکانیں کھلے رکھنے کی اجازت دینے کی درخواست کی جبکہ صدر انتظامی کمیٹی مسجد معراج ناگرکرنول الحاج محمد مبین احمد خان نے مسجد معراج کے اطراف صفائی پرمشتمل حل طلب مسئلہ کو ضلع کلکٹر کو توجہہ دلائی۔ محمد حبیب الرحمن کانگریس قائد، محمد حبیب خان، الحاج صادق پاشاہ نشبندی القادری سجادہ نشین درگاہ حضرت محمد مولانا شاہؒ، شیخ یعقوب بن عثمان باوزیر، غلام احمد و دیگر مسلم تنظیموں کے نمائندو نے حصہ لیا۔ اس اجلاس میں ایڈیشنل ایس پی وینکٹیشورلو، ایڈیشنل کلکٹرس اور دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔