رمضان کی آمد سے قبل مساجد کے اطراف و اکناف خصوصی صفائی و روشنیوں کا انتظام

   

مختلف محکمہ جات کو مکتوب ، وقف بورڈ کا عنقریب اجلاس ، چیرمین بورڈ محمد مسیح اللہ خاں
حیدرآباد۔15۔مارچ(سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ ماہ رمضان المبارک کی آمد سے قبل مساجد کے اطراف و اکناف خصوصی صفائی ‘ روشنیوں کے علاوہ دیگر انتظامات کو بہتر بنانے کے سلسلہ میں متعلقہ محکمہ جات کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ان کی توجہ مبذول کروانے کے علاوہ ریاستی حکومت کی جانب سے ماہ رمضان المبارک کی آمد کے سلسلہ میں انتظامات کا جائزہ اجلاس کے دوران زیر بحث آنے والے امور اور فیصلوں پر عمل آوری کے سلسلہ میں اقدامات کو یقینی بنانے کے اقدامات کرے گا تاکہ ریاست تلنگانہ میں ماہ رمضان المبارک کا خشوع و خضوع کے ساتھ اہتمام عمل میں لایا جاسکے۔ صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان نے اس سلسلہ میں عہدیداروں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ متعلقہ محکمہ جات کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ماہ رمضان المبارک کی تیاریوں کے آغاز کو یقینی بنانے کے اقدامات کریں۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے جائزہ اجلاس کے دوران عوامی نمائندوں کی جانب سے پیش کئے جانے والے مسائل کو امور کو حل کرنے کے سلسلہ میں اقدامات کئے جائیں گے لیکن بورڈ کی جانب سے پہلی مرتبہ ریاست بھر میں مجموعی اعتبار سے ماہ رمضان المبارک کے دوران صفائی ‘ روشنیوں کے انتظام اور عوامی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ جناب محمد مسیح اللہ خان نے بتایا وقف بورڈ کے اجلاس کے انعقاد کے سلسلہ میں جلد ہی فیصلہ کیا جائے گا اور اس بات کی ممکنہ کوشش کی جائے گی کہ ماہ رمضان المبارک کے اوائل میں بورڈ کا اجلاس منعقد کیا جائے ۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاست میں اساتذہ کے زمرہ کی قانون ساز کونسل نشست کے انتخابات کے سبب نافذ انتخابی ضابطہ اخلاق کی وجہ سے اجلاس کے انعقاد میں تاخیر ہوئی ہے ۔گذشتہ یوم مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری نے اجلاس کے عدم انعقاد پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا تھا اور آج مولانا سید ابولفتح بندگی پاشاہ قادری نے بھی وقف بورڈ کے اجلاس کے انعقاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فوری طور پر اجلاس کی تاریخ کے تعین کے ساتھ ارکان وقف بورڈ کو مطلع کیا جائے۔ صدرنشین بورڈ نے کہا کہ آئندہ اجلاس کے دوران زیر التواء بیشتر مسائل کو حل کرتے ہوئے ان کی یکسوئی عمل میں لانے کے علاوہ بورڈکی کارکردگی میں بہتری لانے کے فیصلوں کو منظوری دی جائے گی۔بورڈ کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے کئے جانے والے اقدامات میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے سلسلہ میں اس اجلاس کے دوران تبادلہ خیال کیا جائے گا تاکہ کارکردگی بہتر بنانے کے سلسلہ میں کئے گئے فیصلوں پر عمل آوری کی جاسکے۔م