حیدرآباد۔/28 مئی، ( سیاست نیوز) شہر کے مضافاتی علاقہ گنڈم راما گوڑہ میں آج بھی وہ مسلم خاندان ذہنی اذیت اور کرب کا شکار ہے جس کے سرپرست کی تدفین کے لئے مسلم قبرستان میں جگہ نہیں دی گئی۔ جنرل سکریٹری پردیش کانگریس کمیٹی عظمیٰ شاکر نے گنڈم گوڑہ پہونچ کر مسلم خاندان سے ملاقات کی۔ رنگاریڈی ضلع کے اس گاؤں میں محمد خواجہ میاں کے انتقال کے بعد 5 قبرستانوں میں جگہ کے لئے کوشش کی گئی لیکن کوئی متولی اور کمیٹی نے تدفین کی اجازت نہیں دی۔ آخر کار مقامی کارپوریٹر چندر شیکھر اور مقامی نوجوان سندیپ نے ششمان گھاٹ میں تدفین کرنے اجازت دی۔ عظمیٰ شاکر نے کارپوریٹر اور سندیپ کو تہنیت پیش کی اور جذبہ انسانی ہمدردی کی ستائش کی۔ عظمی شاکر نے کہا کہ موجودہ حالات میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی مثال قائم ہوئی ہے۔ انہوں نے متاثرہ خاندان سے ملاقات کرتے ہوئے پرسہ دیا اور ہر ممکنہ تعاون کا یقین دلایا۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کی ہدایت پر یہ دورہ کیا گیا۔