حیدرآباد۔ 17 جون (سیاست نیوز) حیدرآباد، رنگاریڈی اور دیگر علاقوں میں کورونا وائرس کے کیسس میں اضافے کو دیکھتے ہوئے حکومت نے 30 اسمبلی حلقوں میں اندرون 10 یوم 50 ہزار کورونا ٹسٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے کے مطابق کورونا سے حیدرآباد کے بعد زیادہ متاثر رنگاریڈی ضلع میں ٹسٹ کے لیے مشتبہ افراد سے نمونے حاصل کئے جارہے ہیں۔ ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسر رنگاریڈی سوراجیہ لکشمی نے بتایا کہ کورونا سے متاثرہ افراد سے ربط میں آنے والے افراد کے ٹسٹ کو ترجیح دی جارہی ہے۔ کل پہلے دن مختلف علاقوں میں 300 نمونے حاصل کئے گئے۔ ٹسٹ کے لیے عوام کو مقرر کردہ مقام پہنچنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ عہدیدار نے بتایا کہ ایسے علاقے جہاں کورونا کے زیادہ معاملات منظر عام پر آئے ہیں وہاں ٹسٹ کو ترجیح دی جارہی ہے۔ نمونوں کے حصول کے لیے لیاب ٹیکنیشینس کی ٹریننگ کا اہتمام کیا گیا۔ سرورنگر میں واقع ایک مرکز پر یہ نمونے حاصل کئے گئے ۔ ونستھلی پورم، بالا پور، کونڈاپور، راجندر نگر، نارسنگی اور چیوڑلہ سے تعلق رکھنے والے افراد کے نمونے حاصل کئے گئے۔ ضلع رنگاریڈی میں تاحال کورونا کے 500 کیسس پائے گئے جبکہ میڑچل میں یہ تعداد 375 ہے۔ وقارآباد میں 47 پازیٹیو کیسس منظر عام پر آئے ہیں۔ رنگاریڈی کے 7 اسمبلی حلقوں میں کم از کم 6 ہزار نمونے حاصل کرنے کا منصوبہ ہے۔