ریاض : عالمی سطح پر طب کے شعبہ میں ایک نئی کامیابی سامنے آئی ہے۔ ریاض کے کنگ فیصل اسپشلسٹ اسپتال میں ایک 35 سالہ مریض کے دل میں مصنوعی ہارٹ پمپ کی پیوند کاری مکمل طور پر روبوٹ کے ذریعہ کی گئی۔اس سے قبل دل کے سنگین طور سے ناکارہ ہونے کے سبب مریض 120 روز سے اسپتال میں داخل تھا۔ اس دوران اس کے گردوں اور پھیپھڑوں نے بھی کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔اس کامیاب آپریشن کے بعد نوجوان کا اپنے گھر واپس جانے کا خواب پورا ہو سکے گا۔یہ آپریشن کنگ فیصل اسپیشلسٹ اسپتال کے ہارٹ سرجری کے شعبہ کے سربراہ ڈاکٹر فراس خلیل کی قیادت میں روبوٹک سرجری کی ماہر ٹیم نے انجام دیا۔ آپریشن کے بعد مریض کو صرف 4 روز تک انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں رکھا گیا۔اس کے مقابل روایتی طریقہ سے کیے جانے والے اس نوعیت کے آپریشن کے بعد مریض کو اوسطا 26 روز تک آئی سی یو میں رکھا جاتا ہے۔ روایتی طریقہ میں سینے میں زیادہ بڑا چیرا لگایا جاتا ہے اور صحت کی بحالی میں زیادہ وقت درکار ہوتا ہے۔