تاج دکن ایجوکیشنل و کلچرل سوسائٹی محبوب نگر کا جلسہ تقسیم اسناد ، محمد وحیداحمد موظف آئی ایف ایس کا خطاب
محبوب نگر ۔17 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تاج دکن ایجوکیشنل وکلچرل سوسائٹی محبوب نگر کی جانب سے جلسہ تقسیم اسناد کا انعقاد گیلکسی فنکشن ہال ٹیچرس کالونی میں عمل میں لایا گیا۔ اس تقریب کی صدارت جناب سلیم نواب صدر سوسائٹی نے کی جبکہ بطور مہمان خصوصی محمد وحید احمد ریٹائرڈ آئی ایف ایس و سابق وی سی اینڈایم ڈی اقلیتی مالیتی کارپوریشن ، این پی سبا ریڈی ڈائرکٹر جن شکھشا سنستھان محبوب نگر ، محمد رؤف پاشاہ سیٹھ سرپرست سوسائٹی نے شرکت کی۔ محمد غلام غوث سیکریٹری سوسائٹی نے مہمانوں کا استقبال کیا اور سوسائٹی کی کارکردگی پر مبنی رپورٹ پیش کی۔ آج کی اس تقریب میں تاج دکن سوسائٹی اور جن شکھشا سنستھان کے باہمی اشتراک سے ٹیلرنگ، بیوٹیشین ، اور کمپیوٹر کورسیس میں مفت تربیت حاصل کرنے والی 120 طالبات و خواتین میں اسنادات کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی محمد وحید احمد ریٹائرڈ آئی ایف ایس نے کہا کہ قوم و ملت کو زمانہ سے ہم آہنگ کرنے کیلئے انہیں روزگار پر مبنی فنی کورسیس میں مفت تربیت کا انتظام ایک قابل تحسین اقدام ہے اور تاج دکن ایجوکیشنل اینڈ کلچرل سوسائٹی خوش اسلوبی کے ساتھ یہ کام انجام دے رہی ہے ۔یہ اپنے آپ میں ایک مثال ہے۔ انہوں نے سوسائٹی کے ذمہ داروں کو اس ضمن میں مبارکباد پیش کی۔ اس جلسہ میں دیگر ذمہ داران سوسائٹی، خواجہ فیاض الدین انور پاشاہ ، محمد مقبول، محمد احمد علی ثنا، شریک معتمدین ، سیدخلیل الدین خازن، محمد مسعود سیٹھ ،محمد تقی حسین ، خواجہ معین الدین معاونین کے علاوہ محمد حامد رئیس امیر ضلع تبلیغی جماعت ، محمد ظفر علی موظف تحصیلدار ، محمد عبدالرحمن موظف لکچرر، محمد بشرن الدین سابق ڈی ایس او ، سید نعیم عمران بی آر ایس ، محمد کاظم حسین اوٹکور اور خواتین کی کثیر تعداد موجود تھی۔