روس سے مزید ہتھیار نہ خریدیں، امریکہ کاترکی کو انتباہ

   

واشنگٹن : امریکہ نے ترکی کو خبر دار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ روس سے مزید ہتھیار نہ خریدے۔فرانسیسی خبر رساں ایجنسی ( اے ایف پی) کے مطابق امریکہ نے جمعہ کے روز ترکی کو خبردار کیا کہ اگر وہ روس سے مزید ہتھیار خریدتا ہے تو دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید خطرات لاحق ہوں گے۔واضح رہے کہ ترکی نے 2017 میں روس کے ایس -400 ائیر ڈیفنس سسٹم خریدنے کے لیے امریکی وارننگ کی خلاف ورزی کی تھی۔امریکہ کی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمین نے سوئٹزرلینڈ کے دورے کے دوران صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہر سطح اور ہر موقع پر ترکی پر زور دیا ہے کہ وہ ایس 400 ائیر ڈیفنس سسٹم کو برقرار نہ رکھے اور کوئی اضافی روسی فوجی ساز و سامان خریدنے سے گریز کرے۔انہوں نے کہا کہ اگر ترکی روس سے مزید ہتھیار خریدتا ہے تو واضح رہے کہ اس کے نتائج کیا ہوں گے۔