روس نے فوجی مہم جوئی کی تو پابندیاں لگیں گی:امریکہ

   

واشنگٹن : امریکی صدر جوبائیڈن نے روسی ہم منصب ولادیمیرپوٹن سے ویڈیوکانفرنس کے ذریعے یوکرین کی صورت حال پربات چیت کی۔صدر بائیڈن نے اس موقع پر امریکہ اور یورپی اتحادیوں کی جانب سے یوکرین کی سرحد کے نزدیک روس کی فوجوں میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور صدر پوٹن پر واضح کیا کہ اگر روس نے کسی فوجی مہم جوئی کا آغاز کیا تو امریکہ اور اس کے اتحادی سخت معاشی پابندیوں اور دیگر اقدامات کے ساتھ جواب دیں گے۔اس ورچوئل اجلاس میں صدر بائیڈن نے یوکرین کی خودمختاری اور علاقائی سلامتی کے لیے امریکہ کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا اور کشیدگی کم کرنے اور سفارتی ذرائع سے مسائل حل کرنے پر زور دیا۔وائٹ ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق، دونوں صدور نے اپنی اپنی ٹیموں کو یہ ذمہ داری دی ہے کہ وہ بات چیت جاری رکھیں اور امریکہ اپنے اتحادیوں اور شراکت داروں کے ساتھ قریبی مشاورت کے ساتھ یہ بات چیت جاری رکھے گا۔