ماسکو : روسی صدر ولا دیمیر پوٹن کے خصوصی مندوب برائے افغانستان زامر کابل اوف نے امکان ظاہر کیا ہے کہ ان کا ملک طالبان حکومت کو تسلیم کر سکتا ہے۔ روس کے سرکاری ٹی وی چینل پروی سے گفتگو کے دوران زامر کابل اوف نے بتایا کہ طالبان حکومت کے وزیر تجارت نور الدین عزیزی جلد ہی ماسکو کا دورہ کریں گے جس کے دوران وہ بعض مصنوعات بالخصوص اناج کی خرید پر بات چیت کریں گے جس کی رضا مندی صد رپوٹن نے دے دی ہے۔مندوب نے روس کی طرف سے طالبان حکومت کو تسلیم کرنے سے متعلق کہا کہ ایسا امکان موجود ہے جن کی شرائط صدر پوٹن اور وزیر خارجہ لاوروف نے متعین کر دی ہیں، اس سلسلہ میں پہلی شرط افغانستان میں ایک جامع اور موثر سیاسی حکومت کا قیام ضروری ہے جس کے بعد طالبان سے سنجیدہ مذاکرات شروع کیے جا سکتے ہیں۔ مندوب نے کہا کہ طالبان کو تسلیم کرنے کے فیصلے پر ہمیں امریکہ سمیت کسی دوسرے ملک کی پیروی کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔