روس کا یوکرین پرپوٹن کے قریبی ساتھی کی بیٹی کے قتل کا الزام

   

ماسکو : روس کی فیڈرل سیکیورٹی سروس نے یوکرین پر الزام لگایا ہے کہ ماسکو کے قریب کار بم حملے میں روسی قوم پرست رہنما اور صدر ولامیر پیوٹن کے قریبی ساتھی کی بیٹی ڈاریا ڈوگینا کو ہلاک کرنے کا منصوبہ یوکرین کا تھا۔ڈان اخبار میں شائع غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق روسی تفتیش کاروں نے بتایا کہ ڈاریا ڈوگینا اُس وقت ہلاک ہوئی تھیں جب ٹویوٹا لینڈ کروزر میں اچانک دھماکا ہوا جسے وہ خود چلا رہی تھیں، ان کے والد الیگزینڈر ڈوگین صدر پیوٹن کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے ہیں۔یوکرین نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے حملے میں ملوث ہونے کی تردید کردی ہے جبکہ روس نے یوکرین میں اپنی کارروائیوں کو ’خصوصی فوجی آپریشن‘ قرار دیا ہے۔60 سالہ الیگزینڈر ڈوگین نئی روسی سلطنت میں روسی زبان بولنے والے دیگر علاقوں کے اتحاد کے لیے تشدد کرنے کے حق میں ہیں، ان کی بیٹی ڈاریا ڈوگینا بھی سرکاری ٹی وی پر کئی بار روس کی حمایت کر چکی ہیں اور یوکرین میں روس کے اقدامات کو سراہتی رہتی تھیں۔الیگزینڈر ڈوگین نے اپنی بیٹی کی موت پر پہلے عوامی بیان میں کہا تھا کہ ڈاریا ڈوگینا کو یوکرین نے وحشیانہ طریقے سے قتل کردیا۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دل انتقام کے پیاسے نہیں ہیں، ہمیں صرف یوکرین کے خلاف اپنی فتح کی ضرورت ہے۔