روس: کیف میں نصب امریکی ساختہ پیٹریاٹ فضائی دفاعی سسٹم تباہ کر دیا گیا

   

ماسکو: روس وزارت دفاع نے کہا ہے کہ یوکرین کے دارالحکومت کیف میں امریکی ساختہ پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس سسٹم کے 5 فائرنگ پیڈ اور ایک ملٹی پرپز راڈار اسٹیشن کو کنجال ہائپر سونک میزائل کے ذریعے تباہ کر دیا گیا ہے۔بیان میں مذکورہ معلومات کے صائب اور مصّدقہ ہونے پر زور دیا گیا اور کہا گیا ہے کہ ”16 مئی کو فائر کئے گئے ہائپر سونک کنجال میزائل کے ساتھ کیف میں امریکی ساختہ پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس سسٹم کے 5 فائر پیڈوں اور ایک عدد ملٹی پرپز راڈار سسٹم کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے”۔تاہم امریکی حکام نے کہا ہے کہ سسٹم کو نقصان پہنچا ہے لیکن راڈارسمیت پورا سسٹم کام کر رہا ہے۔واضح رہے کہ یوکرین وزارت دفاع نے قبل ازیں جاری کردہ بیان میں امریکہ، ہالینڈ اور جرمنی سے پیٹریاٹ سسٹم آنے کا اعلان کیا تھا۔یوکرین فضائیہ کے کمانڈر نکولائی اولیشچک نے بھی 6 مئی کو جاری کردہ بیان میں کیف میں نصب پیٹریاٹ سسٹم کے ذریعے روس کے کنجال ہائپر سونک میزائل کو گرانے کا اعلان کیا تھا۔