ماسکو، 4 جون (یو این آئی) روس کے برائنسک علاقے میں ریلوے ٹریک پر حالیہ دہشت گردانہ حملے میں زخمی ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 118 ہو گئی ہے ۔روس کی ہنگامی خدمات کے ایک نمائندے نے چہارشنبہ کو اسپوتنک خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ معتبر معلومات کے مطابق، بدھ کی صبح تک، برائنسک کے علاقے میں ایک پل پر ہونے والے دھماکے میں 118 افراد زخمی ہوئے ، جن میں سے سات کی موت ہو گئی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ زخمیوں میں پانچ بچے بھی شامل ہیں۔قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ہفتے کی رات دیر گئے برائنسک شہر کے قریب ماسکو جانے والی مسافر ٹرین پر ایک اوور ہیڈ کار پل گرنے سے سات افراد ہلاک ہو گئے تھے ۔ روسی ٹرین آپریٹر ماسکو نے کہا کہ اوور ہیڈ کار پل کے گرنے کی وجہ سے انجن اور بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ صوبائی گورنر الیگزینڈر بوگوماز نے اتوار کو کہا کہ پل کو اس وقت دھماکے سے اڑا دیا گیا جب ٹرین چل رہی تھی۔ روسی تحقیقاتی کمیٹی نے منگل کو ہونے والے دھماکے کو دہشت گردانہ حملہ قرار دیا۔
امریکہ کا ایران کو یورینیم افزودہ کرنے کی اجازت دینے پر غور
واشنگٹن، 4 جون (یو این آئی)ایران اور امریکہ کے مابین نیوکلیائی معاہدہ کے دوران امریکہ میں ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے ایران کو کم سطح پر یورینیم افزودہ کرنے کی اجازت دینے پر غور شروع کردیا گیا ہے ۔امریکی اخبار کی جانب سے یہ دعویٰ کیا جارہا ہے امریکہ میں ٹرمپ انتظامیہ ایک اور منصوبے پر دیگر ممالک کے ساتھ مل کر بھی کام کررہی ہے ۔دیگر ممالک کے ساتھ منصوبے پر کام کرنے کا مقصد ایران کو جوہری ہتھیار بنانے سے روکنا ہے ۔ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا کہنا ہے کہ جوہری پروگرام ختم کرنے کے لیے امریکی دباؤ پر نہیں جھکیں گے ، کوئی بھی آزاد انسان ظلم اور نا انصافی کے آگے نہیں جھکے گا۔دوسری جانب ترجمان وائٹ ہاؤس کیرولائن لیوٹ کا کہنا ہے کہ ایران معاہدہ کرے یا نتائج کے لیے تیار رہے ۔ کیرولائن لیوٹ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے ساتھ میڈیا کے ذریعے مذاکرات نہیں کررہے ، ایران کو معاہدے کے لیے تفصیلی معاہدہ پیش کرچکے ہیں اب وہ معاہدہ کرے یا پھر نتائج کے لیے تیار رہے ۔انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ روس اور یوکرین کے درمیان براہ راست رابطوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں اور مذاکرات کے حوالے سے پرامید ہیں۔