روس کے یوکرین میں حملے ، کیف میں مکمل تاریکی

   

کیف۔ 11اکتوبر (یو این آئی) روس کی جانب سے توانائی کی تنصیبات اور گرڈ اسٹیشنز کو ڈرون اور میزائل حملوں سے نشانہ بنانے کے بعد کیف کے بڑے حصے تاریکی میں ڈوب گئے ، ان حملوں کے نتیجے میں گھروں کو بجلی اور پانی کی فراہمی منقطع ہوگئی اور دریائے دنیپرو پر میٹرو سروس رک گئی۔ برطانوی میڈیا کے مطابق سردیوں کے قریب آتے ہی توانائی کے نظام کو نشانہ بنانے والے تازہ ترین بڑے حملے میں 9 خطوں میں بجلی کی فراہمی منقطع ہوئی، اور ملک بھر میں تقریباً 8 لاکھ 54 ہزار صارفین کو عارضی طور پر بجلی سے محروم ہونا پڑا۔ جنوب مشرقی یوکرین میں ایک 7 سالہ بچہ اس وقت جاں بحق ہوگیا جب میزائل اس کے گھر سے ٹکرا گیا، جب کہ کم از کم 20 افراد زخمی ہوئے ۔ کیف شہر کے مرکز میں ایک رہائشی عمارت ایک میزائل کے ٹکڑے سے متاثر ہوئی، جب کہ دنیپرو کے بائیں کنارہ پر میٹرو بند ہونے کے باعث لوگ بس اسٹاپس پر انتظار کر رہے تھے ۔