ماسکو، 24 جون (یو این آئی) روس کے میزائل حملے میں یوکرین کے جنوب مشرقی علاقے ڈنیپرو پیٹروسک میں کم از کم 9 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے جبکہ انفرااسٹرکچر کو نقصان پہنچا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق گورنر سرہی لِساک نے بتایا کہ اس حملے میں علاقائی دارالحکومت ڈنیپرو میں 7 افراد ہلاک ہوئے ، جبکہ ٹرین کی بوگیوں کی کھڑکیاں ٹوٹ گئیں اور کانچ کے ٹکڑے گرنے سے متعدد مسافر زخمی ہو گئے ۔گورنر سرہی لِساک کا کہنا تھا کہ 10 بچوں سمیت تقریباً 70 افراد زخمی ہوئے جبکہ یہ تعداد مزید بڑھنے کا خدشہ ہے ، ریاستی ایمرجنسی سروس کے مطابق، ڈنیپرو سے تقریباً 10 کلومیٹر دور واقع قصبے سامر میں بھی دو افراد ہلاک ہوئے ۔یوکرینی نائب وزیر خارجہ آندریئی سیبیہا نے کیف کے مغربی اتحادیوں سے اس حملے کے جواب میں مؤثر ردِ عمل کا مطالبہ کیا، اس وقت نیٹو رہنما دی ہیگ میں ایک سربراہی اجلاس میں شریک ہیں، جہاں صدر یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی روس کے خلاف مزید فوجی مدد حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔