روس ۔ یوکرین کشیدگی عروج پر

   

رواں سال ہلاک یوکرینی فوجیوں کی تعداد 65 ہوگئی

ماسکو ۔ روس اور یوکرین کے درمیان کشیدگی عروج پر پہنچ گئی جبکہ ایک یو کرائنی فوجی کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں جبکہ دوسری جانب امریکہ و یورپی ممالک نے روس پر الزام لگاتے ہوئے متنبہ کیا ہے کہ روس یوکرین پر حملے کی منصوبہ بندی کررہا ہے‘ایسا ہوا تو یوکرینی فوج اور حکومت کی مدد کی جائیگی جبکہ یوکرینی فوج نے روسی حمایت یافتہ گروپوں کی جانب سے حملے کا الزام بھی عائد کیا ہے۔فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق پورپی ملک یوکرینی فوج کے ترجمان نے جمعہ کے روز دعویٰ کیا کہ روس کے حمایت یافتہ گروپوں نے ہمارے ٹھکانوں پرحملہ کیا، جس میں ایک فوجی ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔ خبررساں ادارے کے مطابق کشیدگی کے دوران رواں سال ہلاک ہونے والے یوکرینی فوجیوں کی تعداد 65 ہوگئی۔ دونوں ممالک نے بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بعد سرحدوں پر جدید ہتھیاروں سے لیس فوجی اہلکار تعینات کردیے ہیں، جنہیں کسی بھی جارحیت کی صورت میں بھرپور دفاع کرنے کا حکم جاری کیاگیا ہے۔غیر ملکی خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق روس نے یوکرین کی سرحد پر ایک لاکھ فوجیوں کو تعینات کیا اور کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کا اعلان کیا ہے۔دوسری جانب امریکہ ، یورپی ممالک سمیت دیگر نے الزام عائد کیا ہے کہ روس یوکرین پر حملے کی منصوبہ بندی کررہا ہے، اگر ایسا ہوا تو یوکرینی فوج اور حکومت کی مدد کی جائے گی۔