انقرہ : ترکی کے صدر رجب طیب اردغان نے کہا ہے کہ میری خواہش ہے کہ روس یوکرائن پر حملے یا قبضے کا راستہ اختیار نہ کرے۔صدر اردغان نے ایک پرائیویٹ ٹیلی ویڑن چینل پر ایجنڈے کے موضوعات کا جائزہ لیا ہے۔روس۔ یوکرائن کشیدگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ “اگر روس اور یوکرائن کے صدور چاہیں تو ہم انہیں اپنے ملک میں مذاکراتی میز پر لا کر بحالی امن کے لئے راستہ کھول سکتے ہیں”۔صدر اردغان نے کہا ہے کہ “ہمارا ملک آغاز سے ہی یوکرائن کی زمینی سالمیت اور خود مختاری کے ساتھ تعاون کر رہا ہے اور اس موقف میں تبدیلی ممکن نہیں ہے”۔اسرائیل کے ساتھ تعلقات کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ بحیرہ روم میں ترکی کو لاتعلق رکھ کر بنایا گیا کوئی بھی منصوبہ کامیاب نہیں ہو سکتا۔صدر اردغان نے ماہِ فروری کے آغاز میں اسرائیلی ہم منصب ایزاک ہرزوگ کے دورہ ترکی کا ذکر کیا اور کہا ہے کہ “اس دورے کے ساتھ ہم ترکی۔ اسرائیل تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز کر سکتے ہیں”۔