ماسکو : روس کی قومی ایئر لائن ایرو فلوٹ نے 8 مارچ سے اپنی تقریباً تمام بین الاقوامی پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔ایرو فلوٹ ایئر لائن نے کہا ہے کہ صرف پڑوسی ملک بیلا روس کے لیے تمام راستے کھلے رہیں گے اور پروازیں بغیر کسی تبدیلی کے جاری رہیں گی۔یوکرین پر حملے کے ردعمل میں مغربی ممالک نے روس کی ایئر لائن انڈسٹری پر بھی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔جس سے ایروفلوٹ اور دیگر روسی ایئر لائنز کا معمول کے مطابق کام کرنا مشکل ہو گیا ہے۔واضح رہے کہ یورپی یونین، برطانیہ، امریکہ اور کینیڈا سمیت دنیا بھر کے 30 ممالک روس کے لیے اپنی فضائی حدود بند کرنے کا اعلان کر چکے ہیں اور تمام روسی ایئر لائنز پر اِن ممالک میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔مالدوا، یوکرین اور بیلا روس کے کچھ حصوں میں بھی ایئر اسپیس بند ہے۔جوابی کارروائی کے طور پر روس نے بھی 37 ممالک کے لیے اپنی فضائی حدود بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔روس کا یہ اقدام مغربی ممالک کی جانب سے لگائی گئی پابندیوں کا جواب ہے۔دوسری جانب مالی ادائیگی کی عالمی کمپنیوں ماسٹر کارڈ اور ویزا نے بھی روس میں اپنے آپریشن معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ایک بیان میں ویزا کمپنی حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آنے والے چند دنوں میں وہ روس کے ساتھ لین دین کو مکمل طور پر منقطع کر دیں گے جس کے نتیجے میں روس میں جاری کیے گئے کارڈز بیرون ملک کام نہیں کریں گے اور نہ ہی دیگر ممالک میں جاری کیے کارڈ روس میں کام کریں گے۔