واشنگٹن، 8 جنوری (یو این آئی) وائٹ ہاؤس کی جانب سے وینزوئیلا کی ناکہ بندی سے بچ نکلنے والے روسی بحری جہاز پر قبضے کے بعد ایک بیان جاری کیا گیا ہے ، جس میں کہا گیا ہے کہ جہاز کے عملے کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ترجمان وائٹ ہاؤس کیرولین لیوٹ نے بحر اوقیانوس میں آئل ٹینکر کو قبضے میں لینے کے سوال پر کہا کہ امریکہ تمام پابندیوں پر پوری طرح عمل کرائے گا اور جہاز کے عملے کو اب قانونی کارروائی فیس کرنا ہوگی۔ ترجمان وائٹ ہاؤس کا کہنا تھا کہ گرین لینڈ سے متعلق تمام آپشن ٹیبل پر ہیں، پہلا آپشن ہمیشہ سفارت کاری ہوتا ہے ۔ اُن کا کہنا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ وینزوئیلا کے عبوری حکام سے قریبی رابطے میں ہے ، وینزوئیلا کے عبوری حکمرانوں کے فیصلے امریکا کے بتائے ہوئے ہوں گے ، امریکہ معاہدے پر وینزوئیلا اور تیل کی امریکی صنعت کے ساتھ کام کر رہا ہے ۔ وائٹ ہاؤس کی ترجمان کے مطابق تیل کمپنیوں کے سربراہان رواں ہفتے وائٹ ہاؤس آئیں گے اور ضرورت پڑی تو آئل ورکرز کے تحفظ کے لیے ٹرمپ امریکی فوج استعمال کرنے کا حق رکھتے ہیں۔ واضح رہے کہ امریکی بحریہ اور کوسٹ گارڈز نے وینزویلا کی ناکہ بندی سے بچ نکلنے والے روسی بحری جہاز کو اپنے قبضے میں لے لیا ہے ۔
