کیف؍لندن: یوکرین کے دارالحکومت کیف میں جمعے کی صبح زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں جبکہ فضائی حملے کے سائرن بھی بج اٹھے۔برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق کیف، خیرسن، مشرقی شہر خارکیف اور ایوانو فرینکیوسک کے قصبے میں ہونے والے دھماکوں کے بعد فوری طور پر نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔یوکرینی میڈیا نے کیف کے کچھ حصوں میں بجلی کی بندش کی اطلاع دی ہے۔یہ دھماکے اس وقت سنے گئے ہیں جب جمعرات کو روس کے ایک بحری جنگی جہاز کو بحرِ اسود میں دھماکے سے شدید نقصان پہنچا۔یوکرین نے واقعے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ روس کے بحر اسود میں سوویت دور کے پرچم بردار جہاز کو اس کے ایک میزائل نے نشانہ بنایا۔یوکرین کا کہنا ہے کہ اس نے جنگی جہاز کو مقامی طور پر بنائے گئے نیپچون اینٹی شپ میزائل سے نشانہ بنایا۔واضح رہے کہ جمعرات کو روس کے سرکاری میڈیا نے بتایا تھا کہ موسکوا میزائل کروز میں آگ لگنے کے باعث اسلحہ دھماکہ سے پھٹ گیا۔