ماسکو : روسی حکومت کے زیرِ کنٹرول ایک نیوز چینل پر براہِ راست خبریں نشر ہونے کے دوران جنگ مخالف بینر لے کر اسکرین کے سامنے آکر نعرے لگانے والی روسی خاتون صحافی نے ملازمت سے استعفیٰ دے دیا۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق روسی ٹی وی چینل کی خاتون ایڈیٹر مرینا اوفسیانیکوفا نے بتایا کہ انہوں نے اپنی ملازمت چھوڑ دی ہے اور ساتھ ہی فرانس میں سیاسی پناہ کی پیشکش قبول کرنے سے بھی انکار کر دیا ہے۔مرینا اوفسیانیکوفا نے کہا کہ اُنہوں نے ملازمت سے استعفیٰ دینے کے لیے تمام دستاویزات دے دیے ہیں اور یہ ایک قانونی طریقہ کار ہے۔اُنہوں نے کہا کہ اس واقعے کا میری ذاتی زندگی پر ایک گہرا اثر پڑا ہے لیکن ہمیں اس جنگ کو ختم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ یہ پاگل پن ایٹمی جنگ میں تبدیل نہ ہو، مجھے امید ہے کہ جب میرا بیٹا بڑا ہوگا تو وہ سمجھ جائے گا کہ میں نے ایسا کیوں کیا۔خاتون صحافی نے مزید کہا کہ ان کے کچھ ساتھیوں نے استعفیٰ دے دیا تھا لیکن بہت سے معاشی خدشات کی وجہ سے ایسا کرنے سے قاصر تھے۔مرینا اوفسیانیکوفا نے کہا کہ وہ فرانس کے صدر کی طرف سے پیش کردہ سیاسی پناہ کی پیشکش قبول نہیں کریں گی اور روس میں ہی رہیں گی۔