امریکہ اور قزاقستان کے پہلوانوں کو دھول چٹائی ، اولمپک سال کا شاندار آغاز
روم۔ 19 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے اسٹار پہلوان بجرنگ پنیا اور روی کمار دہیا نے روم میں جاری رینکنگ سیریز میں شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کیا اور اس کو اولمپک سال کا بہترین آغاز سمجھا جارہا ہے۔ 25 سالہ بجرنگ نے پہلے پچھڑنے کے بعد زبردست واپسی کی اور امریکہ کے جارڈن مائیکل اولیور کو 4-3 کے فرق سے ہراکر گولڈ میڈل جیت لیا۔ یہ مقابلہ 65 کلوگرام فری اسٹائل زمرہ میں ہوا۔ اس طرح روی کمار نے 57 کلوگرام کے اپنے معمول کے زمرہ کے برخلاف 61 کلوگرام کے زمرہ میں مقابلہ کیا اور قزقستان کے پہلوان کو ل12-2 کے بڑے فرق سے ہراکر گولڈ میڈل حاصل کرلیا۔ سونی پت ہریانہ سے تعلق رکھنے والے 23 سالہ روی کمار اپنے مظاہرہ سے سب کو حیرت زدہ کردیا اور ان سے ٹوکیو اولمپکس میں میڈل جیتنے کی توقع کی جارہی ہے۔ ادھر امریکیوں نے بجرنگ کے مظاہرہ کا ستائش کی۔ بجرنگ نے پہلے راؤنڈ میں بھی امریکی پہلوان زین ایلین رتھر فورڈ کو شکست دی تھی۔ جبکہ کوارٹر فائنل میں بھی انہوں نے ایک اور امریکی پہلوان جوزف کرسٹوفر کو 4-2 سے چت کیا تھا۔ سیمی فائنل میں یوکرین کے ویسل شوپٹر کو 6-4 سے ہراکر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ 74 کلو کے زمرے جیتندر اور 86 کلوگرام زمرہ میں دیپک پنیا نے کوئی خاص مظاہرہ نہیں کیا۔