رومیلی دھر تمام طرز کی کرکٹ سے سبکدوش

   

ممبئی۔ ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی رومیلی دھر نے تمام طرز کے کھیل سے سبکدوشی کا اعلان کردیا۔دائیں ہاتھ کی بیٹر اور فاسٹ بولر رومیلی نے اپنے فیصلے کا اعلان انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے کیا۔ رومیلی نے اپنی پوسٹ میں کہا میرا 23 سالہ کرکٹ کا سفر جو مغربی بنگال کے شیام نگر سے شروع ہوا تھا بالآخر اپنے اختتام کو پہنچ رہا ہے، میں تمام طرز کی کرکٹ سے سبکدوشی کا اعلان کرتی ہوں۔38 سالہ کھلاڑی جنہوں نے 2005 میں نئی دہلی میں انگلینڈ کے خلاف اپنا ڈیبیو کیا تھا، نے آٹھ ٹسٹ وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے اپنا آخری ٹسٹ 2006 میں انگلینڈ کے خلاف کھیلا۔رومیلی نے خواتین کے 78 ونڈے میچوں میں 961 رنز بنانے کے علاوہ 63 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے 2003 میں انگلینڈ کے خلاف لنکن میں ڈیبیو کرنے کے بعد چھ نصف سنچریاں بنائیں۔ انہوں نے اپنا آخری ونڈے میچ 2012 میں کھیلا تھا۔بنگال اور دیگر ہوم ٹیم کے لیے کھیلنے والے رومیلی نے 18 ٹی ٹوئنٹی میچز بھی کھیلے جس میں انھوں نے 131 رنز بنائے اور 13 وکٹیں لیں۔ انہوں نے اپنا ڈیبیو 2006 میں انگلینڈ کے خلاف کیا تھا۔