میڈرڈ۔23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام )اسپین کی ایک عدالت نے ٹیکس دھوکہ دہی کے جرم میں پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈوکو 23 ماہ کی معطل قیداور16.9ملین پونڈ جرمانے کی سزا سنادی۔ رونالڈو سزا سنائے جانے کے موقع پر اپنے وکلا کے ساتھ عدالت میں موجود تھے اور سماعت کیلئے اٹلی سے میڈرڈ پہنچے تھے۔ رونالڈوگزشتہ سیزن میں رئیل میڈرڈ فٹبال کلب چھوڑ کر اطالوی کلب جوونٹس منتقل ہو گئے تھے اور اس ٹیکس دھوکہ دہی کامعاملہ ان کی اسپین میں رئیل میڈرڈ کے ساتھ وابستگی کے دوران سامنے آیا تھا۔ رونالڈو نے جرمانہ اور سزا قبول کرلی لیکن پہلی مرتبہ اس جرم کا مرتکب ہونے کی وجہ سے عدالت نے ان کی سزائے قید معطل کردی اس طرح عالمی شہرت یافتہ فٹبالر جیل جانے سے بچ گئے۔ رونالڈو مقدمہ کی سماعت کیلئے عدالت پہنچے تو ان کے وکلا نے استدعا کی کہ انہیں میڈیا سے بچنے کیلئے گاڑی سمیت عدالت کی عمارت میں داخلے کی اجازت دی جائی تاہم عدالت نے یہ درخواست قبول نہیں کی۔ رونالڈو پر ٹیکس چوری اور دھوکہ دہی کے الزامات 2017ء میں لگائے گئے تھے جس کے بعد یہ مقدمہ چلتا رہا اوراب یہ منطقی انجام کو پہنچ گیا۔