رونالڈو کو پہلی بار ریڈ کارڈ ، ورلڈ کپ کوالیفائر میں بڑا جھٹکا

   

لزبن، 15 نومبر (یواین آئی) پرتگالی فٹبال آئیکون کرسٹیانو رونالڈو کو اپنے شاندار بین الاقوامی کیریئر میں پہلی مرتبہ ریڈ کارڈ کا سامنا کرنا پڑا ، جس کے بعد ان پر سخت سزا کی تلوار لٹک رہی ہے ۔ورلڈ کپ کوالیفائر کے اہم میچ میں پرتگال اور آئرلینڈ کے درمیان گزشتہ روز مقابلے کے دوران 40سالہ رونالڈو کو پہلی مرتبہ ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا گیا۔ ڈبلن میں اس میچ کے 61 ویں منٹ میں رونالڈو نے آف دی بال ایکشن کے دوران آئرلینڈ کے ڈیفنڈر ڈارا اوشی کو کہنی مار دی، جس پر ابتدا میں ریفری گلین نیبرگ نے انہیں زرد کارڈ دکھایا۔تاہم ویڈیو اسسٹنٹ ریفری کی مداخلت کے بعد آن فیلڈ ریویو کیا گیا، جس کے نتیجے میں زرد کارڈ منسوخ کرتے ہوئے رونالڈو کو براہِ راست ریڈ کارڈ تھما دیا گیا۔ اس فیصلے کے بعد ان پر ممکنہ پابندی سمیت سخت سزا کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے ۔ میچ کے اہم لمحے نے نہ صرف شائقین بلکہ ماہرین کو بھی حیران کردیا ہے ، کیونکہ رونالڈو نے اپنے طویل کیریئر میں پہلی بار اس نوعیت کی کارروائی کا سامنا کیا ہے ۔ رونالڈو کو میچ کے دوران اس وقت ریڈ کارڈ دکھایا گیا جب پرتگال پہلے ہی ٹرائے پیریٹ کے دوسرے ہاف میں 0-2 گول سے پیچھے تھا۔ یہ رونالڈو کے ریکارڈ ساز بین الاقوامی کریئر کے دوران پہلا ریڈ کارڈ ہے، وہ اب تک اپنے ملک کی جانب سے 226 میچوں میں 143گول کرچکے ہیں۔ البتہ کلب کی سطح پر انہیں 13 مرتبہ ریڈ کارڈ مل چکا ہے ۔فیفا قوانین کے مطابق پُرتشدد رویے پر کم از کم 3 میچوں کی پابندی بھی لگ سکتی ہے ، جس سے رونالڈو ورلڈ کپ کے ابتدائی ایک یا دو میچوں سے باہر ہو سکتے ہیں۔ گزشتہ روز کے میچ میں آئرلینڈ نے پرتگال کو 0-2 سے شکست دے کر اپنی 2026 ورلڈکپ کیلئے کوالیفائی کرنے کی امیدیں روشن کر لیں۔