روڈی شیٹر کے قتل میں ملوث8 افراد گرفتار

   

قتل کی وجہ پرانی مخاصمت‘ چاقو اور گاڑیاںضبط : ڈی سی پی ساؤتھ زون

حیدرآباد 15 اپریل : ( سیاست نیوز ) : حیدرآباد کے رین بازار پولیس نے ایک روڈی شیٹر کے قتل کے الزام میں آٹھ افراد کو گرفتار کرلیا ۔ ساوتھ زون ڈی سی پی نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے قتل کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ فلک نما پولیس اسٹیشن سے وابستہ روڈی شیٹر محمد مسیح الدین 27 سالہ ساکن فلک نما کا 13 اپریل کی رات چند افراد نے چاقوؤں سے حملہ کر کے قتل کردیا تھا ۔ رین بازار پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا اور قتل میں ملوث آٹھ افراد جن میں محمد پاشاہ جیلانی 42 سالہ ، محمد عمر خاں 29 سالہ ، محمد عارف خاں 40 سالہ ، محمد غوث الدین 36 سالہ ، محمد تبریز 29 سالہ ، سید ابراہیم 36 سالہ ، سید بشیر 40 سالہ اور محمد ابوبکر 28 سالہ کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے چار چاقو ، چار گاڑیاں اور پانچ سیل فونس کو ضبط کرلیا گیا ۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ تمام ملزمین کو یادگیری تھیٹر سنتوش نگر کے قریب سے گرفتار کیا گیا ۔ مقتول مسیح الدین کے خلاف 2017 میں روڈی شیٹ کھولی گئی اور 2020 میں پی ڈی ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا تھا اور 2023 میں اس کی روڈی شیٹ فلک نما منتقل کی گئی جہاں اس کی سرگرمیاں جاری تھی ۔ مقتول مسیح الدین رمضان میں محمد عمر خاں جو دبیر پورہ میں تربوز فروخت کررہا تھا اس سے بیس ہزار روپئے مانگے اور کہا کہ میں ڈان ہوں مجھے پیسہ دینا پڑے گا جس پر عمر نے رقم دینے سے انکار کردیا ۔ جس پر دونوں میں بحث ہوئی اور ہاتھا پائی بھی ہوئی تھی ۔ یہ واقعہ 23 مارچ کو پیش آیا تھا جس کے بعد تمام ملزمین نے مسیح کے قتل کا منصوبہ بنایا اور 13 اپریل کو تمام دبیر پورہ کے قریب جمع ہوئے اور مسیح کا انتظار کرنے لگے ۔ کچھ دیر بعد عمر کو مسیح میڈیکل ہال کے قریب نظر آیا تب تمام آٹھ نے ایک ساتھ اس پر چاقوؤں سے حملہ کر کے اس کا قتل کردیا ۔ زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے اس کی موت موقع پر ہی ہوگئی ۔ بتایا جارہا ہے کہ پرانی دشمنی کی وجہ سے قتل ہوا ہے ۔ رین بازار انسپکٹر رمیش نائک نے مقدمہ درج کرکے انہیں عدالتی تحویل میں بھیج دیا ۔ اس موقع پر وینکٹیشور راؤ اے سی پی میر چوک ، رمیش نائک انسپکٹر اڈیشنل انسپکٹر مدن لال ، شیخ نسرین بیگم ، نرسمہا اور پون کمار سب انسپکٹرز موجود تھے ۔ ش