آکلینڈ۔ 8 فبروری ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) لیفٹ آرم اسپنر کرونال پانڈیا (28 رن پر تین وکٹ) کی شاندار بولنگ کے بعد کپتان روہت شرما (50) کی بہترین نصف سنچری کی بدولت ہندوستان نے میزبان نیوزی لینڈ کو جمعہ کو آکلینڈ کے ایڈن پارک میں دوسرے ٹوئنٹی -20 مقابلے میں سات وکٹ سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-1 سے برابر کر لی۔ نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ لیا اور 20 اوور میں آٹھ وکٹ کے نقصان پر 158 رنز بنائے ۔ ہندستان نے کپتان روہت کے 50 اور نوجوان وکٹ کیپر رشبھ پنت کی ناٹ آؤٹ 40 رنزکی شاندار اننگز سے 18.5 اوور میں تین وکٹ پر 162 رنز بنا کر سیریز میں برابری کر لی۔ ہندستان کی نیوزی لینڈ کی زمین پر ٹوئنٹی 20 میں یہ پہلی جیت ہے ۔ سیریز کا فیصلہ کن میچ اتوار کو ہیملٹن میں کھیلا جائے گا۔ہندستان نے پہلے میچ میں ملی 80 رنز کی شکست کے جھٹکے سے نکلتے ہوئے گیند اور بلے سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور میزبان ٹیم کو دھو کر رکھ دیا۔ روہت اور شکھر دھون (30) نے پہلے وکٹ کیلئے 9.2 اوور میں 79 رن جوڑ کر ہندستان کو شاندار شروعات دی۔ روہت نے تیز اننگز کھیلتے ہوئے صرف 29 گیندوں پر 50 رنز میں تین چوکے اور چار چھکے اڑائے ۔ روہت کا وکٹ گرنے کے بعد شکھر کا وکٹ 88 کے اسکور پر گرا۔ شکھر نے 31 گیندوں پر 30 رن میں دو چوکے لگائے ۔ روہت کو لیگ اسپنر ایش سوڈھی نے اور شکھر کو لوکی فرگوسن نے آؤٹ کیا۔ اوپنروں کی شراکت نے ہندستان کو جیت کی راہ پر ڈال دیا۔ وجے شنکر نے آٹھ گیندوں پر 14 رن میں ایک چوکا اور ایک چھکا لگایا۔ شنکر کا وکٹ 14 ویں اوور میں 118 کے اسکور پر گرا۔ اس کے بعد ہندوستان وکٹ کیپنگ کے موجودہ ذمہ دار مہندر سنگھ دھونی اور مستقبل کے رشبھ پنت نے جم کر کھیلتے ہوئے ہندستان کو سات گیند باقی رہتے سات وکٹ کی جیت سے منزل پر پہنچا دیا۔ نوجوان پنت نے 28 گیندوں پر ناٹ آوٹ 40 رن میں چار چوکے اور ایک چھکا مارا جبکہ دھونی نے 17 گیندوں پر ناٹ آوٹ 20 رن میں ایک چوکا لگایا۔ دونوں نے چوتھے وکٹ کے لئے 5.1 اوور میں 44 رن کی میچ فاتح ناٹ آؤٹ ساجھے داری کی۔ پنت نے ہندستان کے لئے جیت کا چوکا مارا۔ کرونال کو ان شاندار بولنگ کے لئے پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔اس سے پہلے نیوزی لینڈ کی جانب سے کولن ڈی گرینڈھوم نے 28 گیندوں میں شاندار چار چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 50 رنز بنائے ۔ ان کے علاوہ تجربہ کار راس ٹیلر نے 36 گیندوں میں سئکجھی ہوئی اننگز کھیلتے ہوئے تین چوکوں کی مدد سے 42 رنز بنائے ۔ان کے علاوہ ٹم سفرٹ نے 12 گیندوں میں ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 12 رن، کولن منرو نے 12 گیندوں میں ایک چھکے کی مدد سے 12 رنز، ڈیرل مشیل نے دو گیندوں میں ایک رن، کپتان ولیمسن نے 17 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 20 رن، مشیل سیٹنر نے آٹھ گیندوں میں سات رن، اور ٹم ساؤتھی نے تین گیندوں میں تین رنز بنائے ۔ وہیں ا سکاٹ کگلجن نے ناٹ آؤٹ دو رنز بنائے ۔ہندوستان کی طرف سے کرونال پانڈیا نے مہلک بولنگ کرتے ہوئے چار اوور میں 28 رنز دے کر تین وکٹ، بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز خلیل احمد نے چار اوور میں 27 رن دے کر دو وکٹ، بھونیشور کمار نے چار اوور میں 29 رن دے کر ایک وکٹ اور ہردک پانڈیا نے چار اوور میں 36 رن دے کر ایک وکٹ لیا۔
ڈی آر ایس پر تنازع ، تھرڈ امپائر کے فیصلہ سے کھلاڑی ناراض
ڈی آر ایس کو لے کر اکثر تنازع سامنے آتا رہتا ہے۔ کچھ ایساہی واقعہ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان آکلینڈ ٹی 20 میں بھی دیکھنے کو ملا ، جب نیوزی لینڈ کی اننگز کے چھٹے اوور میں مڈل آرڈر بلے باز ڈیریل مچل کو متنازع طور پر آوٹ قرر دیا گیا۔ دراصل کرونال پانڈیا کی گیند پر مچل کو امپائر نے ایل بی ڈبلیو آوٹ دیا ، جس کے بعد بلے باز نے ریویو لے کر امپائر کے فیصلہ کی مخالفت کی۔معاملہ جب تھرڈ امپائر کے پاس گیا تو ہوٹس پاٹ تکنیک سے لگا کہ گیند نے مچل کے بلے کاکنارہ لیا تھا۔ ان کے بلے پر ایک سفید سا نشان نظر آرہا تھا ، لیکن تھرڈ امپائر کو یہ ثبوت ناکافی لگا اور انہوں نے پھر دوسری تکنیک کا استعمال کیا ، جس میں گیند کابلے کے کنارہ سے لگنے کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ تھرڈ امپائر نے مچل کو آوٹ قرار دیا۔ اس فیصلہ کے بعد نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن اور بلے باز مچل حیران رہ گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہاٹس پاٹ کے مطابق گیند پر بلے کا کنارہ لگا ہے ، لیکن تھرڈ امپائر نے مخالفت کے باوجود انہیں آوٹ قراردیا۔