طممبئی، 15 دسمبر ۔ ہندوستانی ٹسٹ کپتان ویراٹ کوہلی نے 26 دسمبر سے جنوبی افریقہ کے خلاف شروع ہونے والی تین ٹسٹ میچوں کی سیریز کیلئے روانگی سے قبل ورچوئل پریس کانفرنس کے دوران اپنے اور سفید گیند کے نئے کپتان روہت شرما کے درمیان اختلافات کی واضح طور پر تردید کی۔ روہت شرما کے عضلات میں جکڑن کی وجہ سے جنوبی افریقہ میں تین ٹسٹ میچوںکی سیریز سے محروم ہونے اور ویراٹ کوہلی کے ذاتی وجوہات کی بنا پر تین ونڈے بین الاقوامی میچوں کو چھوڑنے کی مبینہ طور پر منصوبہ بندی کے بعد اس نے قیاس آرائیوں کو جنم دیا کہ ٹیم میں سب کچھ ٹھیک نہیں ہے۔ درحقیقت سابق ہندوستانی کپتان محمد اظہر الدین نے کل ٹوئٹ کرکے قیادت کے گروپ میں دراڑکی قیاس آرائیوں کا تذکرہ کیا تھا ۔ اظہرالدین نے کہا تھا کہ کوہلی ونڈے سیریز کے لیے دستیاب نہیں ہیں اور روہت شرما آنے والے ٹسٹ کیلئے دستیاب نہیں ہیں۔ اس میں کوئی نقصان نہیں ہے کہ کھلاڑی وقفہ لیں لیکن وقت بہتر ہونا چاہیے، تاہم کوہلی نے چہارشنبہ کی سہ پہر کو کہا کہ وہ کبھی آرام نہیں کرنا چاہتے تھے اور ونڈے سلیکشن کے لیے دستیاب تھے ۔کوہلی نے یہ کہتے ہوئے ان افواہوں کو مسترد کردیا ہے کہ وہ جنوبی افریقہ میں تین ونڈے میچوں میں روہت شرما کی قیادت میں نہیں کھیلنا چاہتے تھے۔روہت کے ساتھ اپنے تعلقات پر کوہلی نے کہا مجھے روہت کے ساتھ کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ میں گزشتہ دو سالوں سے اس کی وضاحت کر رہا ہوں، میں اس سے تھک گیا ہوں۔ میری طرف سے کوئی بھی عمل یا بات چیت کبھی بھی ٹیم کی توہین نہیں ہوگی اور میں ہندوستانی کرکٹ کے لیے پرعزم ہوں۔