روہتک۔ 30 مارچ (یو این آئی) ہریانہ میں روہتک کے کلانور تھانہ علاقہ میں ایک پولیس اہلکار کے خود کو گولی مارنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ معلومات کے مطابق، ایمرجنسی رسپانس وہیکل (ای آروی) پر تعینات ای اے ایس آئی کلدیپ نے اپنی سرکاری ریوالورسے خود کو گولی مار لی۔ واقعہ کے فوراً بعد تھانہ پولیس نے زخمی پولیس اہلکار کو پی جی آئی کے ٹراما سینٹر میں داخل کرایا، جہاں ڈاکٹروں کی ایک ٹیم اس کا علاج کر رہی ہے ۔ فی الحال اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔جھجر ضلع کے دیگھل گاؤں کا رہائشی کلدیپ اس وقت کملا نگر، جھجر چنگی کے قریب رہتا تھا۔ وہ کلانور تھانہ میں ای آروی-594 پر ڈیوٹی پر تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ واقعہ کے وقت کلدیپ تھانے کے احاطے میں ہی موجود تھا اور کھانا کھانے کیلئے نیچے آیا تھا۔ اسی دوران وہ ایک طرف گیا اور اپنی سروس پستول سے خود کو گولی مار لی۔واقعہ کے بعد تھانے کے احاطے میں افراتفری مچ گئی۔ پولیس کے اعلیٰ افسران جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔