ڈھاکہ،8جولائی (سیاست ڈاٹ کام) شدید بارش کے نتیجے میں بنگلہ دیش میں واقع روہنگیا پناہ گزین کیمپوں میں ہوئی لینڈ سلائیڈنگ کے سبب ایک شخص ہلاک جبکہ ساڑھے 4 ہزار افراد بے گھر ہوگئے ۔ خبررساں ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ میں اقوام متحدہ کے حوالہ سے بتایا گیا کہ کاکس بازار کے قریب قائم کیمپ میں میانمار سے ہجرت کرنے والے 9 لاکھ روہنگیا مسلمان پناہ گزین ہیں۔جہاں 3 دن کے دوران تقریباً 35 سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جس کے بعد ہفتے کے روز وہاں لینڈ سلائیڈنگ ہوگئی۔میانمار اور بنگلہ دیش کی سرحد کے قریب پہاڑیوں پر بنائے گئے ان عارضی کیمپوں میں جھونپڑیاں بنانے اور آگ جلانے کے لیے درختوں کو اکھاڑ لیا گیا تھا جس کی وجہ سے یہاں کی زمین کمزور ہوگئی تھی اور یہاں اب تک 26 لینڈ سلائیڈز ہوچکی ہیں۔اقوام متحدہ کی تنظیم برائے پناہ گزین کے عہدیدار اریاض رحمن نے بتایا کہ طوفان کے نتیجے میں 30 کے قریب جھونپڑیاں متاثر ہوئیں جبکہ ایک 50 سالہ خاتون دیوار گرنے سے ہلاک ہوگئیں۔
