بنکاک۔16 اگست (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ میانمار اور بنگلہ دیش ایکبار پھر روہنگیا مسلمانوں کو میانمار بھیجنے کی کوشش کریں گے جو دو سال قبل لاکھوں کی تعداد میں میانمار میں بدھسٹوں اور فوج کے مظالم سے خوفزدہ ہوکر بنگلہ دیش فرار ہوگئے تھے اور وہاں کے کاکس بازار میں عارضی پناہ گاہوں میں مقیم ہیں جن کی تعداد سات لاکھ سے بھی زائد بتائی گئی ہے۔ اور بنگلہ دیش جیسے چھوٹے اور غریب ملک کے لیے اتنی بڑی تعداد میں آئے لوگوں کو سنبھالنا ناممکن نہیں تو مشکل ضرور ہے۔ دریں اثناء پناہ گزیں ایجنسی کی ترجمان کیرولین گلک نے بتایا کہ حکومت بنگلہ دیش سے 3450 لوگوں کو واپس بھیجنے کے لیے جو نئی فہرست کو مرتب کیا ہے اس کی تصدیق کے لیے تعاون کی اپیل کی ہے۔ یاد رہے کہ بنگلہ دیش نے میانمار کو 22000 افراد کی ایک فہرست توثیق کے لیے روانہ کی تھی۔
