روی شنکر نے پرینکا کی تقرری پر کیاطنز

   

نئی دہلی ۔ 23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیرقانون روی شنکر پرساد نے پرینکا گاندھی واڈراکو کانگریس جنرل سکریٹری بنائے جانے پر مبارک باد دی ہے لیکن طنز کرتے ہوئے کہاکہ انھیں اس عہدے پر مقرر کیے جانے سے کوئی حیرت نہیں ہوئی ہے کیونکہ یہ گاندھی خاندان کی توسیع ہے ۔ روی شنکر پرساد نے آج یہاں کابینہ کی میٹنگ کی اطلاع دینے کے لیے طلب کی گئی پریس کانفرنس میں صحافیوں کے سوالوں کے جواب میں پہلے تو پرینکا واڈرا کے بارے میں کچھ بھی تبصرہ کرنے سے بچنے کی کوشش کی لیکن جب صحافی بضد ہوگئے تو روی شنکر پرساد نے کہا، ’’میں آپ لوگوں کے دباؤ میں اس بارے میں کچھ کہہ رہا ہوں۔‘‘ انھوں نے کہا ’’مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ پرینکا واڈرا کو کانگریس کا جنرل سکریٹری بنایاگیاہے ،لیکن مجھے کوئی حیرت نہیں ہوئی ہے کیونکہ یہ تو انکے خاندان کی توسیع ہے۔ البتہ، اس بات پر حیرت ہوئی کہ انھیں صرف مشرقی اترپردیش کی ذمہ داری کیوں دی گئی ،انھیں تو اس سے بڑی ذمہ داری ملنی چاہئے تھی۔‘‘