رپورٹرس یا بلیک میلرس !جبری وصولی کے الزام میں چار رپورٹرس گرفتار

   

حیدرآباد 2 جون ( سیاست نیوز ) تروپتی میں تروملا ٹو ٹاؤن پولیس نے پرائم 9 نیوز چینل کے چار رپورٹرس کو مبینہ طور پر جبری وصولی کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے ۔ ان رپورٹرس پر الزام ہے کہ وہ چوری میں ملوث ایک فرد کو دھمکا بھی رہے تھے ۔ ترمولا ٹو ٹاؤن پولیس انسپکٹر نے بتایا کہ پرائم 9 نیوز چینل کے رپورٹرس کی شناخت سوریہ نارائنا راجو ‘ سنیل ‘ کیمرہ مین رام کرشنا اور بالو کی حیثیت سے کی گئی ہے ۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے روی نامی ایک شخص کو دھمکایا تھا اور جبری وصولی کر رہے تھے ۔ اس شخص پر الزام ہے کہ وہ چوری کے ایک کیس میں ملوث تھا ۔ ان رپورٹرس پر الزام ہے کہ وہ چوری کی خبر کو ٹی وی پر ٹیلیکاسٹ نہ کرنے کیلئے پچاس لاکھ روپئے کا مطالبہ کر رہے تھے ۔ روی نے ان سے منت کی اور کہا کہ اس نے کوئی غلط کام نہیں کیا ہے تاہم اسے بغیر غلطی کے سزا دی جا رہی ہے ۔ تاہم ٹی وی چینل کے صحافیوں نے اسے بلیک میل کرنا جاری رکھا ۔ اس پر روی نے تروملا پولیس سے مدد کیلئے درخواست کی ۔ اس کی شکایت پر ثبوت کو دیکھتے ہوئے پولیس نے ایک مقدمہ درج کرلیا اور ضلع ایس پی پرمیشور ریڈی کی ہدایت پر کارروائی کرتے ہوئے انہیں تروپتی میں گرفتار کرلیا ۔ یہ بھی پتہ چلا ہے کہ یہ چار رکنی ٹولی کئی افراد کو دھمکانے اور جبری وصولیاں کرنے میں ملوث رہی ہے ۔