رکن اسمبلی احمد بلعلہ کو عوامی مخالفت کا سامنا ’’ گو بیاک ‘‘ کے نعرے

   

حیدرآباد /7 مئی ( سیاست نیوز ) ملک پیٹ مجلسی رکن اسمبلی احمد بلعلہ کو آج عوام کی مخالفت کا سامنا کرنا پڑا جب وہ عصمت ریزی کا شکار کمسن دلت لڑکی سے ملاقات کیلئے چادرگھاٹ پہونچے ۔ واضح رہے کہ پولیس چادرگھاٹ نے 24 سالہ محمد شکیل کو جو کمل نگر کا ساکن ہے اور سرگرم مجلسی کارکن بتایا جاتا ہے 16 سالہ لڑکی کے ساتھ دو دن قبل اسکے مکان میں داخل ہوکر گھناؤنی حرکت کی تھی جس کے نتیجہ میں اسے گرفتار کرکے جیل بھیج دیا تھا ۔ چادرگھاٹ پولیس کے ایف آئی آر نمبر 118/2020 کے مطابق شکیل نے لڑکی کی بے عزتی کی اور مجلسی کارکن ہونے کا دعوی کرکے اسے دھمکایا ۔ احمد بلعلہ کے ساتھ عصمت ریزی کے ملزم محمد شکیل کے تصاویر سوشیل میڈیا پر عام ہونے کے بعد عوام میں برہمی پیدا ہوگئی ۔ رکن اسمبلی متاثرہ لڑکی سے ملاقات کیلئے آج شنکر نگر پہونچے تھے کہ وہاں عوام واقعہ کے خلاف برہمی ظاہر کرتے ہوئے ’ ایم ایل اے گو بیاک ‘ کے نعرہ لگائے ۔ نعرہ بازی کے بعد ہلکی سی کشیدگی پیدا ہوگئی لیکن پولیس عملہ نے حالات کو قابو میں کرلیا ۔ واقعہ کے بعد رکن اسمبلی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ محض کسی فرد کے سیاسی لیڈر کے ساتھ تصاویر سے وہ پارٹی کا رکن نہیں بن جاتا ۔ شکیل کا مجلس سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔